انسان کی شخصیت سازی میں اُس کے بچپن کا بہت عمل دخل ہوتا ہے، جس انسان کے بچپن کا وقت پر سکون وادیوں کی سیر کرتے ہوئے گزرتا ہے وہ اپنے لڑکپن و نوجوانی میں بھی چین کے جھولے جھولتا ہے جب کہ تاریکی سے بھرپور بچپن میں دیواروں سے سر ٹکرانے والوں کی تمام زندگی ہی سسکتے اور ہچکولے کھاتے ہوئے بہت بری گزرتی ہے۔
بچپن دراصل داخلی دروازہ ہے جس کے آگے کی راہداری انسان کو جنت میں پہنچا سکتی ہے اور دوزخ میں بھی دھکیل سکتی ہے۔ انسان میں پیدا ہونے والی عادات و اطوار اور صلاحیتوں کا تعین اُس کا زمانہ بچپن ہی کرتا ہے۔
جو بچہ اپنی کم عمری میں ڈرپوک ہوتا ہے، اُس کا بڑے ہو کر بہادروں کی فہرست میں جگہ بنانا ناممکن نہ سہی لیکن مشکل ضرور ہوتا ہے۔ عموماً ہمارے معاشرے میں موجود بڑے انجانے میں اپنے بچوں کے وجود میں مختلف قسم کے ڈر، خوف بیٹھا دیتے ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ بڑھتے بڑھتے وہاں اپنی مستقل سکونت اختیار کر لیتے ہیں۔
پہلے پہل ڈر ایک چھوٹا بیج ہوتا ہے جو کب تناور درخت میں تبدیل ہو جاتا ہے انسان کو خبر ہی نہیں لگتی ہے، احساس ہونے پر جب کلیجہ نُچتا ہے تب انسان کو اپنی شخصیت خاک میں ملتی اور زندگی کی نعمت، زحمت کا روپ دھارتے معلوم ہوتی ہے۔
ہمارے بچپن کے وقتوں میں اکثر بڑے اپنے بچوں کی کم عمری میں اُنھیں ’’ بابا‘‘ سے ڈراتے تھے۔ جب کبھی کسی بچے سے کوئی غیر اخلاقی یا غیر مناسب عمل رونما ہو جاتا تھا جھٹ سے اُس کے بڑے خیالی بابا نمودار کر دیتے تھے اور تب کے بچے اتنے معصوم ہوا کرتے تھے کہ اُنھیں بابا کے نام کی کوئی شے اپنی آنکھوں سے نہ نظر آتے ہوئے محض کانوں پر اُن کی آمد کی نوید پڑتے ہی خوف سے لرز اُٹھتے تھے۔
اپنے اطراف میں نظر دوڑائیں تو کتنے ایسے نوجوان اور اُدھیڑ عمر افراد موجود ملیں گے جن کا خون آج بھی بابا کے خوف سے خشک ہو جاتا ہے۔جو والدین اپنے بچوں کو اُن کی چھوٹی عمر سے ہی اپنی شادی شدہ زندگی کی بھیانک تصویر دکھلاتے ہیں، ایک دوسرے سے کھلم کھلا بدلحاظی کرتے ہیں، بچوں کے سامنے ایک دوسرے کی عیب جوئی کرتے ہیں اور ایک دوسرے پر ہاتھ اُٹھانے سے بھی کتراتے نہیں ہیں۔
ایسے ماں، باپ کی اولادوں کے اندر شادی جیسے مقدس رشتے کے حوالے سے کئی طرح کے خوف پیدا ہو جاتے ہیں اور وہ اس سے اپنی زندگی میں موجود سکون کی بربادی کا ایک ذریعہ سمجھ کر جتنا ممکن ہو دور بھاگتے ہیں۔
والدین کی آپسی ناچاقی پہلے گھر کے ماحول کو گھٹن زدہ کرتی ہے پھر پُرمسرت راہوں کو اپنے بچوں کے لیے کانٹوں بھرا کٹھن راستہ بنا دیتی ہے۔ کم سنی میں پیش آنے والے حادثات جو کسی بھی نوعیت کے ہو سکتے ہیں بچوں کے ننھے منے دل کو دہلا کر پکی عمر تک وہاں اُس سے جڑے خوف کی چھاپ چھوڑ جاتے ہیں، اگر کسی کا کوئی بہت قریبی رشتہ بچپن میں اُس سے دور چلا جائے تو اپنوں کے بچھڑ جانے کا خوف ساری زندگی اُس کو ستائے رکھتا ہے اور یہ ڈر ہمیشہ اُسے اپنی گرفت میں لے کر لوگوں کو دل کے قریب کرنے سے باز رکھتا ہے۔
اس کے علاوہ والدین کا اپنے بچوں کو اُن کی شرارتوں پر سزا دینے کے لیے گھر کے اسٹور میں بند کر دینا جو کہ ایک عام سی بات ہے، تاحیات اُن کے اندر اندھیرے میں ڈوبی بند جگہوں کا جان لیوا خوف پیدا کر دیتا ہے کیونکہ کاٹ کباڑ سے بھرا چھوٹا تاریک کمرا اُن کے چڑیا جیسے قلب کے لیے کال کوٹھڑی ثابت ہوتا ہے۔
گھر کے بڑوں کا بچوں کو بات بے بات ٹوکنا، اُن کے خیالات و جذبات کے اظہار میں قدغن لگانا دراصل اُن میں اعتماد کا فقدان پیدا کرتا ہے جس کے باعث وہ چار لوگوں میں بات کرنے سے گھبراتے ہیں اور اُن کی یہ گھبراہٹ بڑھتے بڑھتے خوف کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔
اس خوف کا شکار بچے بات کرتے ہوئے ہکلاتے ہیں، گھبراہٹ میں اپنے ناخن چباتے ہیں، لوگوں کا سامنا کرنے سے ہچکچاتے ہیں اور یہ چیزیں اُن کی شخصیت میں بدنما داغ ثابت ہوتی ہیں۔ پانی میں ڈوب جانے کا خوف بھی کئی لوگوں میں پایا جاتا ہے اور اس خوف کے پیچھے پانی سے جڑا اُن کے بچپن کا کوئی حادثہ ہوتا ہے۔
مثلاً کنواں، ندی، نہر، دریا یا سمندر میں خود ڈوبنا یا کسی کو اپنے سامنے ڈوبتے دیکھنا معصوم ذہنوں پر ڈر کے نقش چھوڑ جاتا ہے۔ایسا بھی کافی گھروں میں دیکھنے کو ملتا ہے کہ وہاں موجود بڑے اس بات سے بالکل ناآشنا ہوتے ہیں کہ اُن کے بچوں کے ساتھ رکھے جانے والے برے سلوک کا خمیازہ آنے والی کئی نسلوں کو بھگتنا پڑے گا۔
جو بچے اپنے بچپن میں ذہنی، جسمانی یا جنسی تشدد کا شکار رہے ہوں اُن میں بڑے ہوکر وہی عمل و زیادتی دوسرے بچوں کے ساتھ کرنے کے امکانات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ جس خوف میں کبھی کسی بڑے نے اُنھیں مبتلا رکھا ہوا تھا وہی خوف کی چادر وہ دوسروں کو اوڑھا دیتے ہیں مگر اُن کے خود کے ڈر وہیں اپنے دائمی مقام پر آسن جمائے رہتے ہیں۔
کچی عمر کے پکے خوف وہ بدنما داغ ہیں جس سے انسان کا کروفرّ مجروح ہو جاتا ہے، کہنے کو وہ عام سی بات لگتے ہیں لیکن کیسے وہ خوف کے مینار میں تبدیل ہو جاتے ہیں، معلوم ہی نہیں چلتا ہے۔ میری دادی کہا کرتی تھیں، ’’بچوں کو کبھی کسی شے کے رونما ہونے یا شخصیت کے نمودار ہونے سے نہیں ڈراؤ بلکہ اُنھیں فرشتوں کی آمد کی نوید سناؤ۔‘‘
ہمیں معاشرے میں خوف سے سہمے ہوئے بچوں کے بجائے بے خوف اور پُر اعتماد نونہالوں کی اشد ضرورت ہے جو قوم کی تعمیر ِ نو میں مثبت کردار ادا کرسکیں۔ سر اُٹھا کر اعتماد سے چلنے والوں کو زمانہ سلام کرتا ہے اور زمانہ اُنھی کو سلام کرتا ہے جن کی آبیاری دُلار اور خیال سے کی گئی ہو۔ اس مناسبت سے شاعر ِ مشرق علامہ محمد اقبال کا ایک شعر ہے۔
عقابی روح جب بیدار ہوتی ہے جوانوں میں
نظر آتی ہے ان کو اپنی منزل آسمانوں میں