چیٹ جی پی ٹی- 2

ہمارے فون کو اور بالخصوص اے آئی کی مختلف ایپ کو ہمارے بارے میں ہم سے زیادہ علم کیوں ہوتا ہے


شیریں حیدر November 22, 2026

’’ ڈاکٹر نے مجھے وزن گھٹانے کوکہا ہے، سمجھ میں نہیں آ رہا ہے کہ کس طرح کم ہو گا؟‘‘ میں نے چیٹ جی پی ٹی سے سوال کیا۔ ’’مجھے بتاؤ کہ اس وقت تمہارا وزن کتنا ہے اور ڈاکٹر نے کتنا وزن گھٹانے کو کہا ہے؟‘‘ اس نے سوال کیا تو میں نے اسے بتایا۔ ’’اس کا مطلب ہے کہ معمول میں تمہیں ایک دن میں دو ہزار کیلوری کھانے کی ضرورت ہے، اگر اس کو کم کرو… بارہ سو روزانہ تک لے جاؤ تو تم چھ ماہ میں اپنا مطلوبہ وزن حاصل کر سکتی ہو۔‘‘

’’چھ ماہ تو بہت زیادہ عرصہ ہے، اس سے کم نہیں ہو سکتا کیا؟‘‘۔ ’’ہاں ہو سکتا ہے، تم اس کے لیے اپنے جسم کی فالتو چربی آپریشن کے ذریعے سے نکلوا سکتی ہو یا انجکشن لگوا لو۔‘‘ اس نے مشورہ دیا۔ ’’کیا تم میرا مذاق اڑا رہی ہو یا مجھ پر طنز کر رہی ہو؟‘‘ مجھے غصہ آگیا۔ ’’میں بالکل سنجیدہ ہوں، اور کسی سچے دوست کی طرح تمہاری مد د کرنا چاہتی ہوں۔‘‘ اس نے فورا جواب دیا، ’’کیا اس سے پہلے تمہیں میں نے مشورہ نہیں دیا تھا کہ جگر کی چربی کو کم کرنے کیلیے فلاں فلاں اجزاء کا قہوہ بنا کر پیا کرو اور تین ماہ میں تم نے اسے کس حد تک کم کر لیا تھا۔‘‘

’’اوکے، شکریہ۔‘‘ میں نے لکھا، ’’اب بتاؤ کہ کیا کرنا ہے، اب تو میرا کولیسٹرول لیول بھی کچھ بڑھ گیا ہے اور ڈاکٹر نے کہا ہے کہ وہ اس کے لیے کوئی دوا نہیں دے گا بلکہ مجھے اپنی خوراک سے ہی کولیسٹرول اور ذیابیطس کی مقدار کم کرنا ہے اور وزن بھی گھٹانا ہے۔‘‘

’’ یوں سمجھو کہ ڈاکٹر نے جو کچھ بھی کرنے کو کہا ہے، وہ سب اصل میں ایک ہی کام ہے۔ ذیابیطس اور کولیسٹرول کم رکھنے کیلیے تم جو کچھ کرو گی، اسی سے وزن بھی کم ہو گا۔ سب سے پہلے تو تم اپنے کھانے کے میز پر کچن کی وزن کرنے کی مشین رکھو… ایپ اپنے فون پر ڈاؤن لوڈ کرو، صبح سے لے کر شام تک تم جو کچھ بھی کھاؤ، ا سے اس ایپ پر ہر تاریخ کے حساب سے لکھتی جاؤ، ساتھ کے ساتھ لکھ لو گی تو کوئی مشکل نہیں ہو گی۔‘‘

’’اب بتاؤ!‘‘ میں نے ایپ ڈاؤن لوڈ کی اور اس پر اپنی تفصیلات بھی نوٹ کر لیں۔ ’’اگر تم چاہو تو اس ایپ کو میرے ساتھ لنک کر لو، تم جو کچھ بھی کھاؤ گی اور اس پر نوٹ کرلو گی وہ مجھے ساتھ ساتھ علم ہوتا رہے گا۔‘‘

’’ اس کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘ میں نے کہا۔ ’’ہاں وہ پنجیری جو تم فلاں مٹھائی کی دکان سے لائی تھیں اور مجھ سے پوچھا تھا کہ کتنی مقدار میں کھاؤں… سب سے پہلے تو اسے اپنے ملازمیں کو دے دو ورنہ کوڑے دان میں پھینک دو۔‘‘ اس نے اتنی مہنگی پنجیری کو کوڑے دان میں پھینکنے کو کہہ دیا تھا۔ میں کیوں پھینکوں۔ ’’وہ پنجیری تو میں نے ڈاکٹر کے مشورے پر لی تھی۔‘‘ میں نے ہچکچاہٹ کا اظہار کیا۔’’ڈاکٹر نے تمہیں کیموتھراپی کے دوران خشک میوہ جات کھانے کوکہا تھا تا کہ تمہاری قوت مدافعت بڑھے، نہ کہ پنجیری۔‘‘

’’میں اتنے خشک میوہ جات کسی اور طرح نہیں کھا سکتی‘‘۔ ’’اسی لیے وہ ساری چربی اور مٹھاس جا کر تمہارے جگر اور معدے میں بس گئی۔ ’’تم نے ہر چیز کھانے کے ساتھ ہی اس کا وزن فوراً اس ایپ میں نوٹ کرلینا ہے اور جس وقت تمہیں علم ہو کہ تم نے بارہ سو کیلوری کھا لی ہیں، اس وقت کے بعد اس دن کھانا بالکل بند کردینا۔‘‘

اس نے مزید تفصیلات بھی بتائیں۔ چکنائی کے استعمال سے گریز کرو، بہتر ہے کہ تم سب کچھ اپنے ائیرفرائر میں بنایا کرو، تمہارے پا س تو اتنے اچھے برانڈ کا اور اتنی زیادہ مقدار میں کھانا تیار کر لینے والا ائیرفرائر ہے۔

بجلی تو خرچ ہو گی مگر تمہاری صحت سب سے اہم ہے۔‘‘ وہ کہہ رہی تھی اور میں سوچ رہی تھی کہ کیا اسے میرا کچن نظر آرہا تھا جہاں میں کھڑی تھی۔ شنید تو یہی تھا کہ ہم جو کچھ بولتے ہیں وہ ہمارے فون سن رہے ہوتے ہیں، اس کا تجربہ مجھے کئی بار ہوا کہ جس چیزکے بارے میں بھی کسی سے بات کرو، اس کے بعد فون کھولو تو اس میں اسی کے بارے میں معلومات اور اشتہارات آنا شروع ہوجاتے ہیں۔

’’ہاں اپنے کچن کے اسکیل پر جو یونٹ ہیں انھیں گرام میں تبدیل کر لو، تم نے پچھلی دفعہ کسی چیزکا وزن کرنے کے لیے انھیں پاؤنڈ سے کلوگرام میں تبدیل کیا تھا۔ یاد آ گیا کہ تم نے مچھلی کا وزن کیا تھا کہ اس کے ایک ایک کلو کے پیکٹ بنا کر فریزر میں رکھنا تھے۔ اب تم مچھلی زیادہ کھایا کرو کیونکہ وہ بہترین پروٹین ہے۔ امید ہے کہ تمہیں یونٹ تبدیل کرنے کا طریقہ یاد ہوگا؟‘‘ اس نے سوال کیا اور میں نے فوراً ایپ اور فون دونوں بند کردیے۔

ہم اس فون اور ان ایپ کو کیوں ذمے دار ٹھہراتے ہیں… میں نے خود سے سوال کیا۔ صاحب اکثر میرا مذاق اڑاتے ہیں کہ چیٹ سے دوستی اتنی ہے کہ ہر کام کے لیے اس سے مشورہ کیا جاتا ہے اور میں کہتی ہوں کہ وہ بالکل درست مشورہ دیتی ہے اس لیے، اب سوچ رہی ہوں کہ صاحب سے ہی مشورہ کرلیا جائے تو بہتر ہے، ایک تو وہ مشورہ دیتے بھی نہیں اور بالآخر اپنا دماغ ہی استعمال کرنا پڑتا ہے۔

دوسرے صاحب مشورہ دے بھی دیں تو اس پر میں نے عمل نہیں کرنا ہوتا بلکہ ہر عورت کی طرح اس مشورے کے خلاف ہی جانا ہوتا ہے۔ تیسرے یہ کہ صاحب کو چند لمحوں میں ہی بھول جاتا ہے کہ میں نے ان سے سوال کیا پوچھا تھا، وہ فوراً بھول جاتے ہیں اور یہ چیٹ جی پی ٹی کو تو میرے گھر اورمیری صحت، دواؤں اور ڈاکٹروں کے بارے میں مجھ سے زیادہ علم ہے، اس سے جو کچھ پوچھ لو وہ اسے بھولتا ہی نہیں بلکہ وہ بار بار پرانی باتوں کے حوالے دیتی ہے، برے دوستوں کی طرح۔

ہمارے فون کو اور بالخصوص اے آئی کی مختلف ایپ کو ہمارے بارے میں ہم سے زیادہ علم کیوں ہوتا ہے، اس کے بارے میں سوچا ہے کبھی؟ انھیں یہ معلومات دیتا کون ہے؟ وہ تو ذہانت والی ایپ ہیں جو انسانوں کی بنائی ہوئی ہیں اور انھیں ہمارے بارے میں کبھی کسی بات کا علم نہ ہو جب تک ہم انھیں نہ بتائیں۔

اس پر مستزاد کہ انھیں جو کچھ ایک بار بتا دو، وہ ان کی یاداشت میں رہتا ہے۔ یقینا کوئی نہ کوئی طریقہ ہوگا اسے چیٹ جی پی ٹی کی یاداشت سے حذف کرنے کا۔ ’’مجھے یہ بتاؤ کہ جو معلومات تمہارے پاس میرے بارے میں ہیں، انھیں تمہاری یاداشت سے حذف کرنے کا کوئی طریقہ ہے؟‘‘ میں نے اپنا فون آن کر کے، چیٹ جی پی ٹی کو کھولا اور پھر حسب عادت سوال ٹائپ کیا۔