پروفیسر عرفان حبیب ہندوستان کے ان تاریخ دانوں میں شمار ہوتے ہیں جنھوں نے تاریخ کو عوامی نقطہ نظر سے سمجھنے، پرکھنے اور لکھنے کی کوشش کی۔ ایسے تاریخ دان کم ہیں جو تاریخ کا مطالعہ مارکسی نظریے کی روشنی میں کرتے ہیں۔
عرفان حبیب ایک مارکسٹ ہیں، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کا حصہ ہیں اور آج بھی اپنے نظریاتی اصولوں پر قائم ہیں۔ وہ نہ صرف ہندوستان اور پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک ایسے تاریخ دان کی حیثیت سے پہچانے جاتے ہیں جو تاریخ کو سائنسی، سیکولر اور مارکسی نقطہ نظر سے دیکھتے ہیں۔
کارل مارکس کے افکار اور سائنسی سوشلزم کی روشنی میں انھوں نے عوامی تاریخ کے جو ابواب تحریر کیے ہیں، ان کی اہمیت صرف ہمارے خطے تک محدود نہیں بلکہ عالمی سطح پر پہچانی جاتی ہے۔عرفان حبیب 12 اگست 1931 کو ہندوستان کے شہر بڑودہ میں پیدا ہوئے۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے بی اے اور ایم اے کرنے کے بعد انھوں نے کم عمری میں آکسفورڈ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی، وہ اپنی مادر علمی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں پروفیسر ایمریٹس کے منصب پر فائز رہے ہیں۔
ان کی شخصیت کا خلاصہ کیا جائے تو وہ بین الاقوامی سطح پر ایک ممتاز مارکسی دانشور اور تاریخ دان کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ ہندوستان میں مذہبی بنیاد پرستی کے خلاف ان کے مضبوط موقف نے بھی انھیں ایک الگ شناخت دی ہے، وہ اس وقت 95 برس کے ہیں لیکن قابل ذکر بات یہ ہے کہ عمر کے اس حصے میں بھی وہ اپنے نظریات پر مضبوطی سے قائم ہیں۔
عرفان حبیب نے ہندوستانی تاریخ کے مختلف موضوعات پر متعدد کتابیں تحریر کی ہیں۔ زیرنظر کتاب ان کے معروف تحقیقی مضامین کا مجموعہ ہے، جسے برصغیر کی تاریخ کے مارکسی مطالعے میں ایک اہم علمی کاوش سمجھا جاتا ہے۔
یہ کتاب اصل میں انگریزی زبان میںEssays in Indian History: Towards Marxist Perception کے عنوان سے شائع ہوئی۔ اس کا اردو ترجمہ ’’ہندوستانی تاریخ مارکسی تناظر میں‘‘ کے نام سے فکشن ہاؤس، لاہور نے انسٹی ٹیوٹ آف ہسٹاریکل اینڈ سوشل ریسرچ، کراچی کے اشتراک سے شائع کیا ہے۔
کتاب کا ترجمہ معروف ادیبہ، اسکالر اور میری استاد پروفیسر ڈاکٹر انور شاہین نے کیا ہے، وہ ایک طویل عرصے سے سماج کے مختلف پہلوؤں پر تحقیق کرتی آرہی ہیں۔ انھوں نے تاریخ جیسے اہم اور علمی موضوع پر اس کتاب کا ترجمہ نہایت سادہ اور عام فہم زبان میں کیا ہے، جس سے اس کے علمی مباحث کو سمجھنا نسبتاً آسان ہو گیا ہے۔
کتاب کا تعارف پاکستان کے معروف روشن خیال تاریخ دان ڈاکٹر مبارک علی نے لکھا ہے۔ اس کے ترجمے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انسٹی ٹیوٹ آف ہسٹاریکل اینڈ سوشل ریسرچ، کراچی کے ڈائریکٹر اور معروف ترقی پسند دانشور ڈاکٹر سید جعفر احمد اپنے ابتدائی نوٹ میں لکھتے ہیں۔
’’انسٹی ٹیوٹ آف ہسٹاریکل اینڈ سوشل ریسرچ کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ وہ برصغیر کے ایک عظیم مارکسی تاریخ دان کی اہم کتاب کا ترجمہ شائع کر رہے ہیں۔ انگریزی میں شائع ہونے والی یہ کتاب نہ صرف برصغیر بلکہ دنیا بھر کے روشن خیال، سیکولر اور مارکسٹ حلقوں میں اپنی منفرد جگہ بنا چکی ہے۔
پاکستان میں تاریخ کو درست انداز میں سمجھنے کے لیے اس کتاب کی خاص اہمیت ہے۔ بدقسمتی سے ہماری یونیورسٹیوں سمیت تعلیمی اداروں میں سرکاری نصاب پر ہی انحصار کیا جاتا ہے، جو اکثر حکومت کے طے کردہ اصولوں کے مطابق پڑھایا جاتا ہے، یہ نصاب غیر معروضی اور سرکاری بیانیے کے تابع ہے۔‘‘
ہم جس معاشرے میں رہتے ہیں، اس کا ایک بڑا المیہ یہ ہے کہ یہاں تاریخ کو سچائی کے ساتھ بیان کرنا بھی جرم سمجھا جاتا ہے۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ عوام اپنی تاریخ کی حقیقی صورت حال اور حقائق سے ناواقف رہے ہیں۔ عوامی تاریخ کو چھپانا اور اس پر پابندیاں عائد کرنا ہمارے ملک کی پرانی روایت رہی ہے۔
اس کے باوجود عرفان حبیب نے بلاخوف و خطر عوامی تاریخ کے مختلف پہلوؤں کو قلم بند کیا اور اپنے قلم کو کبھی ذاتی مفادات کے لیے استعمال نہیں کیا۔ عرفان حبیب ان چند تاریخ دانوں میں سے ہیں جنھوں نے تاریخ کو مذہبی تعصبات سے الگ رکھ کر دیکھا اور ایسے نظریات و تحریروں پر تنقید کی جن میں تاریخ کو غیر سائنسی تصورات، مذہبی انتہا پسندی اور تنگ نظری کے تابع کرنے کی کوشش کی گئی۔
ان کے نزدیک تاریخ کا مطالعہ جذبات، عقائد اور روایتی تصورات کے بجائے شواہد، تحقیق اور معروضی تجزیے کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔ پروفیسر عرفان حبیب نے اپنی طویل تحقیقی زندگی میں جو علمی سرمایہ جمع کیا، اسے عام قارئین اور علمی دنیا تک پہنچانے کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔
اس کتاب میں شامل مضامین اپنی علمی اور تحقیقی اہمیت کے اعتبار سے نمایاں ہیں۔ مصنف نے اپنے تجزیے میں زیادہ سے زیادہ بنیادی تاریخی ماخذوں سے استفادہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ ان کی تحقیق کا اہم پہلو یہ ہے کہ وہ مختلف مصنفین اور تاریخ دانوں کے نظریات و تجزیات کو محض نقل نہیں کرتے بلکہ انھیں علمی بنیادوں پر پرکھتے ہیں اور جدید سائنسی اصولوں اور مارکسی فکر کی روشنی میں ان کا جائزہ لیتے ہیں۔
تاریخی مطالعے کے بعد جو نتائج اخذ کرتے ہیں، انھیں بھی بغیر کسی غیر ضروری لگی لپٹی کے قارئین کے سامنے پیش کرتے ہیں۔پروفیسر عرفان حبیب نے صرف ماضی کے سیاسی واقعات اور موضوعات پر تحقیق نہیں کی بلکہ معاشی، سماجی اور ثقافتی تاریخ کے مختلف پہلوؤں پر بھی ایک ماہر محقق کی حیثیت سے قلم اٹھایا ہے۔
ان کے تحقیقی موضوعات کا دائرہ خاصا وسیع ہے۔ وہ تاریخ کو مارکسی فکر اور سائنسی اصولوں کی روشنی میں پرکھنے کو بنیادی اہمیت دیتے ہیں، کیونکہ مارکسی نقطہ نظر تاریخ کے مطالعے کو گھٹن، فکری جمود، مذہبی انتہا پسندی، تنگ نظری اور قدامت پرستی سے آزاد کرکے معاشرے کے حقیقی مادی اور سماجی رشتوں کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔
اس کتاب میں مارکسی تاریخ نویسی، ہندوستان کے بارے میں کارل مارکس کے خیالات، انگریزوں کی آمد سے پہلے ہندوستان میں زمین کی ملکیت اور سماجی تقسیم، ہندوستان میں کسان طبقے کی صورت حال، ذات پات کی بنیاد پر امتیاز، مغل دور میں طبقاتی کشمکش کی مختلف شکلیں، سامراجی یلغار سے پہلے اور بعد کا ہندوستانی معاشرہ، برطانوی قبضے کے بعد ہندوستان کی معیشت اور سامراجی معیشت کے مطالعے جیسے اہم موضوعات کا سائنسی، علمی اور مارکسی بنیادوں پر تجزیہ کیا گیا ہے۔
یہ تمام موضوعات برصغیر کی تاریخ کو محض بادشاہوں، حکمرانوں اور جنگوں کی داستان کے طور پر دیکھنے کے بجائے عوام، کسانوں، معاشی رشتوں، طبقاتی تقسیم اور سماجی تبدیلیوں کے تناظر میں سمجھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ اس اعتبار سے یہ کتاب تاریخی حقائق کو جاننے اور ماضی کے سماجی و معاشی ڈھانچے کو سمجھنے کے لیے ایک اہم تحقیقی کاوش ہے۔