ابھی دو ایک مہینے پہلے ہی کی بات ہے جب سنا تھا کہ وہ لوگ آسٹریلیا جا رہے ہیں اور پھر خیر سے چلے بھی گئے۔ پاکستان میں جہاں نوجوانوں کی ترقی کے راستے تنگ ہوتے جا رہے ہیں، وہیں باہر ممالک جانے کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
پچھلے دس برسوں میں یہ تیزی سے بڑھی تھی۔ 2025-2024 کے دوران پاکستان سے آسٹریلیا آنے والوں کے حوالے سے پاکستان پانچواں بڑا ملک بن گیا تھا۔ اس سال 13,968 پاکستانی مستقل ویزے پر آئے ہوئے ہیں۔
آسٹریلیا نے اب اپنے قوانین میں سختی پیدا کی ہے ،اس لیے اسٹوڈنٹ ویزا جس کی بنیاد پر لوگوں نے دھڑا دھڑ بیرون ممالک کا رخ کیا تھا بینک بیلنس اور ثبوت کے قوانین کے باعث تعداد انیس ہزار سے گر کر چار ہزار تک رہ گئی ہے۔ اس وقت سڈنی اور ملبورن میں پاکستانی بڑی تعداد میں مقیم ہیں جب کہ برسبین اور پرتھ میں بھی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
’’اس نے تو وہاں جا کر لیموں بیچ کر پیسے کمائے اور اسے اپنے بچوں کے لیے کھلونے خریدے۔‘‘ ایک دلچسپ انکشاف۔
’’لیموں بیچے۔۔۔۔‘‘
’’اس کے گھر میں لیموں لگے تھے ناں۔‘‘
’’اس کا شوہر تو کہہ رہا تھا کہ پھینک دو لیکن اس نے کہا کہ پھینکیں گے نہیں۔‘‘
’’آخر کتنے لیموں تھے؟‘‘
’’پچیس تیس کلو۔‘‘
’’اتنے سارے لیموں۔۔۔۔ لیکن بیچے کیسے؟‘‘
’’بھئی اس نے نیٹ پر ڈال دیا ہوگا ناں، بس خریدار آگئے اور سب لے گئے۔ زیادہ تر ایشین ہی تھے۔ انڈین وغیرہ اور گورے بھی تھے لیکن گورے کم تھے۔ بھئی !دراصل وہاں فریش سبزیاں وغیرہ تو ملتی ہی نہیں، سب کچھ ٹن میں ملتا ہے ناں۔‘‘
’’لیکن یہ اتنا آسان نہیں تھا خاص طور پر لیموں توڑنا مشکل کام تھا۔ پھر چھوٹے بچوں کا ساتھ۔‘‘
’’بھئی باہر کون سی ماسیاں وغیرہ ہوتی ہیں ،سارے کام خود ہی کرنا پڑتے ہیں۔ صفائی ستھرائی سے لے کر سارے کام خود کرو، پھر یہ بھی کیا۔ اس کے بچوں کو گاڑیوں کا بہت شوق ہے تو اس نے وہاں سیل سے بچوں کے لیے گاڑیاں خرید لیں اور وہ بالکل نئی سی تھیں ،بچے تو اتنا خوش ہوئے اتنی ساری گاڑیاں دیکھ کر۔‘‘
پرتھ میں شفٹ ہونے والی دو چھوٹے چھوٹے بچوں کی انجینئر ماں جو کراچی کی معروف یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہے، شادی سے پہلے پڑھائی میں غرق، کچھ عرصہ جاب اور پھر شادی کے بعد گھر داری میں غرق۔
اپنے بچوں کی پرورش کی خاطر آن لائن جاب بھی اختیار کر لی تھی لیکن اس پاکستانی نوجوان خاتون کا اتنے کم عرصے میں باہر جا کر ایسا کام کرنا قابل ستائش تھا۔
ہو سکتا ہے کہ خود ان کی نظر میں اس کام میں جوش و خروش، گڈ ورک یا بچوں کے کھلونوں کی خرید کے حوالے سے ہی جذبات ہوں لیکن دوسرے نظریے سے اپنے تمام تر گھریلو کام کاج اور بچوں کی ذمے داری کے باوجود ایک اضافی کام کے لیے محنت کرنا بھی آسان نہ تھا اور جو جذبہ کار فرما تھا وہ اپنی اولاد کی خوشی اور تسکین وہیں اپنے شوہر کی مالی معاونت بھی کہی جا سکتی ہے۔
خوشی، مسکراہٹیں انسانی زندگی کی مشکلات اور مصائب میں کمی نہیں لا سکتی لیکن اس تکلیف اذیت اور جھنجھلاہٹ کے احساس میں کمی اور مقابلہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کر سکتی ہے۔ بیرون ملک میں رہنے والے بہت سے مالی اور ذہنی مسائل میں الجھے ہوتے ہیں وہاں چھوٹی چھوٹی خوشیاں اور مسکراہٹیں زندگی کی تلخیوں میں شیرینی گھول دیتی ہیں۔
خوشی لاکھ دواؤں سے موثر اور صحت بخش ہے۔ دل خوش ہو تو ہر شے اچھی لگتی ہے۔ دل مسرور رہتا ہے، ہمارا ایک عمل جو بظاہر چھوٹا سا ہوتا ہے ہمارے ارد گرد کیسی خوشگوار فضا تخلیق کر سکتا ہے اس کا مظاہرہ ہم دیکھتے رہتے ہیں، کیا تلخیاں، طنز، جلن حسد ہمارے رویوں میں منافقانہ رویوں کو جنم نہیں دیتی۔
ہم جھوٹ بول کر، مادیت پرستی میں گھر کر اپنے لیے بظاہر مسرتیں تلاش کرتے ہیں لیکن درحقیقت ہمارے اردگرد تکبر کے اونچے اونچے پہاڑ بلند ہوتے ہیں جن میں گھر کر ہم خود ساختہ تنہائی کے جال میں الجھتے جاتے ہیں۔1957 میں جب انفلوئنزا نے دنیا بھر میں خوف و ہراس پھیلا رکھا تھا، ایک معالج ہونے کے ناتے انھوں نے خدمت خلق نہ چھوڑی یہاں تک کہ خود اس وبا کی زد میں آ گئے۔
حالت بگڑتی چلی گئی بخار کا درجہ بڑھتا جا رہا تھا، بینائی متاثر ہونے لگی ، نقاہت بڑھ گئی اور اندھیروں میں ڈوبنے لگے۔ پتا چلا کہ وائرس نے دل کو متاثر کیا ہے بلڈ پریشر گرتا گیا، بینائی تقریباً ختم ہو گئی، کہا گیا کہ نہ پانی کو ہاتھ لگانا ہے نہ ہلنا جلنا ہے، نماز اشاروں سے ادا کی جانے لگی کہ رب کا ساتھ تو چھوڑنا ہی نہ تھا۔
نویں دن ایبٹ آباد کا رخ کیا اور پھر نتھیا گلی۔ ایک مشہور معالج یوں اچانک کہیں چلا گیا جس کی دواؤں کی تاثیر نے نجانے کتنے مریضوں کو شفا سے آشنا کیا اور دعائیں دی تھیں پھر اس قدر بیماری آخر یہ کیا ہے؟
نتھیا گلی کی فضاؤں نے فکر کو جگایا روح تازہ ہوئی، اپنے تمام مریضوں کے شفایاب چہرے دل میں مسرتیں اگانے لگے اور پھر حیرت انگیز طور پر شفایاب ہونے لگے، دوا کے نام پر عرق گلاب ہی رہا اور صرف اطمینان اور مسرور ہی بہترین ٹانک ثابت ہوا اور یوں متاثر کن دل شفایابی کے ٹانکوں سے سلنے لگا۔
گو اس سے پہلے عارضہ قلب کی کوئی بیماری تک نہ تھی لیکن اب جو بھی ماحول تھا اس میں مسرتیں جیسے سر کا تاج بنی ہوئی تھیں، گھر والے پریشان تھے کہ اچھا بھلا مریض کہاں نکل گیا لیکن وہ مطمئن تھے اور اس سرور اور اطمینان نے انھیں حقیقی صحت سے نوازا، یہ سچا قصہ مشہور و معروف ہستی حکیم محمد سعید کے حوالے سے ہے۔
چھوٹی چھوٹی خوشیاں، چھوٹی چھوٹی باتیں انسانی زندگی میں بہت اہمیت رکھتی ہیں جیسے لیموں بیچنے کی خوشی کہ میں نے کچھ کر دکھایا، شوہر کی خوشی اور اطمینان واہ۔۔۔۔ ہماری بیگم صاحبہ تو بڑی سمجھ دار ہیں ورنہ ہم تو اتنے سارے لیموں کو پھینک کر اپنا بوجھ اتار رہے تھے، بچوں کی خوشی۔۔۔۔۔ واہ۔۔۔ مما نے تو اتنے سارے کھلونے خرید لیے۔۔۔۔ اور حکیم محمد سعید کے دل کا سکون کہ اتنے مریضوں کی دعائیں ساتھ ہیں۔ کیا ہم بھی کسی کے دل کا سکون اور خوشی کا باعث بن سکتے ہیں کھوجیے۔۔۔۔