تاشقند اور کراچی: عظمت اور زوال کی داستان

ازبکستان کی سرزمین نے ماضی میں مسلمانوں کی تاریخ میں اہم کردار ادا کیا ہے


سید طارق حسنی November 22, 2026

گزشتہ ماہ مجھے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند جانے کا اتفاق ہوا۔ اس بار محض سیاحت نہیں بلکہ میرا سائیکلنگ کا شوق مجھے وہاں لے گیا۔ اسی سفر میں تاریخی شہر سمرقند بھی دیکھا، جو امیر تیمور کی عظیم الشان سلطنت کا دارالحکومت تھا۔

کراچی کے شہریوں کا ایک بڑا مسئلہ یہ ہے کہ جب وہ ملک سے باہر جاتے ہیں تو وہاں کی خوبیوں اور قابلِ دید مقامات کو دیکھ کر کم لطف اندوز ہوتے ہیں اور یہ سوچ سوچ کر ہلکان ہوتے رہتے ہیں کہ ہم دنیا میں کیوں اتنے نرالے ہیں۔

صفائی ستھرائی، نظم و ضبط، اخلاقیات اور قانون کی بالادستی جو وہاں نظر آتی ہے اسے دیکھ کر اگر سچ بتاؤں تو حیرت کے ساتھ ساتھ تھوڑا حسد بھی ہوتاہے۔ میرا دل چاہا کہ اس شہر کے بارے میں کچھ بتاؤں اور ساتھ ہی اپنے کراچی پر بھی تبصرہ کرتا جاؤں۔

ماورا النہر وسط ایشیا کے اُس تاریخی علاقے کو کہا جاتا ہے جو آمو دریا اور سیر دریا کے درمیان واقع ہے۔ عربی میں ’’ماورا النہر‘‘ کا لفظی مطلب ’’دریا کے پار‘‘ ہے۔یہ ایک بڑا خطہ ہے جس میں ازبکستان، قازقستان، تاجکستان اور ترکمانستان کے کچھ حصے شامل ہیں۔

انسانی تاریخ میں ان تمام خطوں کی غیر معمولی اہمیت رہی ہے، خصوصاً شاہراہ ریشم کے حوالے سے، جس نے چین، یورپ اور ایشیا کے درمیان ربط قائم کیا۔ ساتھ ہی علم و ادب، سائنس و ٹیکنالوجی اور تہذیب و ثقافت کو بھی فروغ دیا۔

اہم شہروں میں تاشقند، تراز، سمرقند، بخارا، خیوا، ترمذ، قارشی،وادی فرغانہ وغیرہ شامل ہیں۔ مسلم اکثریتی تاشقند انیسویں صدی سے روسی زار کی سلطنت کا حصہ رہا ہے۔ سات نومبر انیس سو سترہ کے بالشویک انقلاب کے بعد بھی اس خطے کو آزادی نہیں ملی بلکہ وہ ایک نئے چنگل میں پھنس گیا، لیکن انیس سو اکیانوے میں سوویت یونین کے ٹوٹنے کے بعد یہ ملک بھی آزاد ہوگیا۔

ازبکستان کی سرزمین نے ماضی میں مسلمانوں کی تاریخ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہی وہ خطہ ہے جہاں مسلمانوں کی اہم شخصیات پیدا ہوئیں اور مدتوں تک یہ علم کا اہم مرکز بھی رہا۔

ان میں مشہور فاتح و حکمراں امیر تیمور اور الغ بیگ کے علاوہ اسلامی فقہ و حدیث کے بڑے علما اور نامور اہل علم و ادب شامل ہیں، بشمول امام بخاری، امام ترمذی، البیرونی، الخوارزمی، بہاؤ الدین نقشبندی، خواجہ احمد یسوی، ابن سینا اور علی شیر نوائی۔

آبادی کے لحاظ سے کراچی کا شمار دنیا کے بڑے شہروں میں ہوتا ہے اور اقوامِ متحدہ کے دو ہزار پچیس کے مطابق اس کی شہری آبادی تقریباً دو کروڑ چودہ لاکھ ہے، جب کہ تاشقند کی آبادی دوہزار چھبیس میں تقریباً اکتیس لاکھ اٹھتر ہزار تھی۔ یعنی کراچی کی آبادی تاشقند سے کئی گنا زیادہ ہے، مگر شہری سہولیات اور نظم و ضبط کے معاملے میں تاشقند آج کراچی سے بہت آگے نظر آتا ہے۔

تاشقند کی جدید تاریخ میں دو واقعات اہم ہیں۔ اول، جنوری انیس سو چھیاسٹھ کو اسی شہر میں صدر ایوب خان اور بھارت کے وزیرِاعظم لال بہادر شاستری کے درمیان ’’تاشقند معاہدہ‘‘ ہوا۔ یوں تاشقند پاکستان کی سفارتی تاریخ کا ایک یادگار مقام بھی ہے۔

دوئم، چھبیس اپریل انیس سو چھیاسٹھ کا شدید زلزلہ، جس نے شہر کے بنیادی ڈھانچہ کو نیست و نابود کر دیا۔ اس کے بعد سوویت حکام نے تاشقند کو نئے سرے سے جدید انداز میں تعمیر کیا۔ تاشقند، سمرقند اور بخارا کی عظمت کی وجہ وہاں کی تجارت، علمیت اور سیاست کے مراکز کا ہونا تھا۔

سوویت یونین نے اپنے تمام شہروں میں بشمول تاشقند میں، کھلی اور وسیع سڑکیں، جس کے ساتھ ساتھ چوڑی فٹ پاتھ، دونوں اطراف درختوں کی قطاریں، وسیع و عریض چوراہے، جن پر قومی ہیروز کے یادگاری مجسمے نصب ہیں اور اونچی عمارتوں کے بجائے افقی طرز کی وسیع و عریض عمارتیں بنانے کا رواج ڈالا۔

خصوصاً سرکاری عمارتیں، تھیٹر، اسکول، ریلوے اسٹیشن، ہوائی اڈے اور یونیورسٹیاں۔ زیر زمین ٹرینوں کو بھی تاشقند میں متعارف کروایا گیا جس کے اسٹیشن اپنی خوبصورتی میں بے مثال ہیں۔

کم و بیش تمام شہروں کی منصوبہ بندی میں اچھی بات یہ ہے کہ ہر عمارت کے باہر کافی کھلی جگہ موجود ہے جہاں شجرکاری، بیٹھنے کی جگہیں اور خوبصورت فوارے بھی بنائے جاتے ہیں۔

آزادی کے بعد ازبک حکام نے پہلے سے موجود شہری ڈھانچے کو بہت مثبت انداز میں استعمال کیا اور تعمیر و ترقی کے تسلسل کو قائم رکھا۔ شیشے کی جدید بلند عمارتیں، ایئر پورٹ، انڈر پاس، اورہیڈ برج اسی تسلسل کی نمایاں مثالیں ہیں۔

سوویت مرکزی منصوبہ بندی کی وجہ سے تمام شہروں میں ایک خاص قسم کی یکسانیت ہے۔آپ قازقستان یا جارجیا کے کسی شہر میں ہوں یا ازبکستان یا کرغیزیہ میں، شہروں میں تمیز کرنا آسان نہیں۔

البتہ جو چیز ان شہروں میں نمایاں ہے وہ تمام شہروں میں کھلا پن ہونے کا احساس، سبزے کی بہتات، سلیقہ سے تیارکیاریاں، درختوں کی افراط، صفائی ستھرائی اور تازہ ہوا، ٹریفک کا منظم انتظام ہے،جو ہمیں اپنے ملک میں خال خال ہی دیکھنے کو ملتی ہیں۔

تاشقند میں فٹ پاتھ کے ساتھ سائیکل ٹریک اس بات کا غماز ہے کہ حکام کے لیے سائیکلنگ سفر کا ایک ممکنہ ذریعہ ہی نہیں، بلکہ انسانی صحت اور ماحول کے لیے مفید اور شہر میں کاروں کے استعمال کو کم کرنے کی ایک کوشش بھی ہے۔

تاشقند میں زیبرا کراسنگ سے پیدل چلنے والے انتہائی اطمینان اور سکون سے سڑک پار کر سکتے ہیں۔ یہ شہری خوبیاں صرف اہم اور مرکزی علاقوں تک محدود نہیں، بلکہ شہر کے اطراف کے محلوں، علاقوں اور چھوٹے شہروں میں بھی موجود ہیں۔

ایک کراچی کے شہری کے لیے یہ سب دیکھنا کسی عیاشی سے کم نہیں۔ اسی احساس محرومی کے ساتھ ہم نے باقی شہر بھی دیکھا۔ شہر میں داخل ہوتے وقت احساس ہوتا ہے کہ ہم کسی خوبصورت باغ میں داخل ہو رہے ہیں، جو سیاحوں کو انتہائی خوشگوار احساس دیتا ہے۔

وسطی ایشیا کے تمام ممالک تیزی سے ترقی کر رہے ہیں اور تیزی سے ترقی کرتی سیاحت کی صنعت بھی ان کی معاشی ترقی میں معاون ہے۔مگر ان تمام خوبیوں کے باوجود جغرافیائی اعتبار سے یہ ممالک سمندر سے دور ہیں، جس کی وجہ سے ان کا دنیا سے تجارتی رابطہ نہ صرف مشکل ہے بلکہ سیاسی طور پر بھی یہ عالمی امور میں کوئی خاص کردار ادا کرنے سے قاصر ہیں،مگر شائد انھیں اس کی کوئی خاص پرواہ بھی نہیں، دوسروں کے معاملے میں الجھنا ان کی پالیسی نہیں۔

دوسری طرف، ذرا کراچی کا جائزہ لیتے ہیں۔ سترہ سو اٹھانوے میں تالپور دور میں یہ شہر اپنی بندرگاہ کی وجہ سے قابلِ توجہ ٹھہرا۔ اٹھارہ سو تینتالیس میں سندھ پر قبضے کے بعد جنرل سر چارلس نیپیئر نے کراچی شہر کو محض چار سال کی مدت (اٹھارہ سو تینتالیس تا اٹھارہ سو سینتالیس) میں اتنی تیز اور غیر معمولی ترقی دی اور ایسی انقلابی تبدیلیاں لائیں کہ تالپور حکومت میں ان کا تصور بھی ناممکن تھا۔

مگر اصل ترقی کا سہرا بلاشبہ سر بارٹلے فریر کے سر جاتا ہے، جو سر چارلس نیپیئر کے بعد سندھ کے چیف کمشنر رہے اور جن کی منصوبہ بندی نے کراچی کو برطانوی سلطنت کے بہترین شہروں میں شامل کیا۔ یہ شہر اپنی صفائی، خوبصورتی اور تجارت کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور تھا۔

انتہائی خوبصورت چوراہے تھے جہاں سرسبز خوبصورت باغ بنائے جاتے تھے اور تقسیم کے بعد ایک ایسا وقت بھی آیا جب عوام کے لیے ڈبل ڈیکر بسیں، ٹرام اور ریل گاڑی بھی چلا کرتی تھی۔ بس وہ ایک خواب سا تھا جو اب ختم ہوچکا ہے، وہ تمام خوبصورتی اپنی موت مر گئی یا مار دی گئی۔

جو چیز آج شہر میں سب سے زیادہ نمایاں ہے وہ ہے کچرے کے ڈھیر۔خصوصاً شہر سے باہر کے تمام داخلی و اندرونی راستوں پہ بے ہنگم ٹریفک، پلاسٹک کی تھیلیاں، ٹوٹی سڑکیں، بدشکل فٹ پاتھ اور نت نئے نعروں سے مزین دیواریں، گرد و غبار سے اٹے بورڈ جو صرف بارش کے پانی ہی سے دھلتے ہیں۔ سڑکوں سے متعلق عوام کے لیے معلومات کے بورڈوں کی عدم موجودگی سے لگتا ہے کہ نئے آنے والوں کا شہر کے راستوں کاکوئی امتحان مقصود ہے۔