آزاد کشمیر، پلندری میں پولیس پر فائرنگ سے 2 اہلکار زخمی

جھنڈا بگلہ بازار میں احتجاج کے حق میں اعلانات اور ہوائی فائرنگ، دکانیں زبردستی بند کرانے کی کوشش


ویب ڈیسک November 22, 2026

مظفرآباد:

آزاد جموں و کشمیر کے ضلع سدھنوتی کی تحصیل پلندری میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

ڈی آئی جی پولیس پونچھ ریجن راولاکوٹ کے مطابق جھنڈا بگلہ بازار میں بعض افراد احتجاجی کال کے حق میں اعلانات اور ہوائی فائرنگ کے ذریعے خوف و ہراس پھیلا رہے تھے، جبکہ دکانیں زبردستی بند کرائی جا رہی تھیں اور مقامی افراد کو 22 نومبر کے احتجاج کے لیے اکسایا جا رہا تھا۔

ڈی آئی جی کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے بازار میں کارروائی کی تو مسلح افراد نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں کانسٹیبل ذاکر دائیں ٹانگ اور کانسٹیبل محمد ارباب بائیں ٹانگ میں گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگئے۔

ڈی آئی جی پونچھ ریجن نے کہا ہے کہ فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لا کر سخت سزا دلوائی جائے گی۔