لاہور:
ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل لاہور نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے ایک ارب روپے کے بینک ڈیفالٹ کے ملزم اور حوالہ ہنڈی کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایک ارب روپے کے بینک ڈیفالٹ پر نجی کمپنی کے ڈائریکٹر رانا شہریار کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم رانا شہریار ایم ایس اشرف پولی پرائیویٹ لمیٹڈ اور ایم ایس سمیرا فلور ملز پرائیویٹ لمیٹڈ کا ڈائریکٹر ہے۔
نجی بینک کی شکایت پر ملزم کے خلاف ایف آئی آر نمبر 119، 120 اور 121/2026 درج کی گئیں۔
دوسری کارروائی میں لاہور کے لنڈا بازار میں غیر قانونی حوالہ ہنڈی کے سیٹ اَپ پر چھاپہ مارا گیا جس میں دو ملزمان شیر محمد اور دولت خان گرفتار کیے گئے۔
ملزمان کے قبضے سے 83 لاکھ 85 ہزار پاکستانی روپے، موبائل فونز اور حوالہ ہنڈی سے متعلق پیغامات برآمد کر لیے گئے۔ دونوں ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ 1947 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق دونوں کاروائیوں میں گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔