سندھ کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں، صوبہ ایک ہے اور ایک رہے گا، ناصر حسین شاہ

کاروباری حضرات اچانک صوبوں کے قیام کی بات کہاں سے لے آئے ہیں؟ صوبائی وزیر


ویب ڈیسک November 22, 2026

کراچی:

سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث پر ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سندھ کی وحدت پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جاسکتا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حیدر آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ آج بھی ایک ہے اور مستقبل میں بھی ایک ہی رہے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ریفرنڈم کے انعقاد سے خوفزدہ نہیں ہے، تاہم اگر پارٹی کو اعتماد میں لیے بغیر یا اسے نظرانداز کرکے اس حوالے سے کوئی فیصلہ کیا گیا تو پیپلزپارٹی سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

ناصر حسین شاہ نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق تجاویز پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کاروباری حضرات اچانک صوبوں کے قیام کی بات کہاں سے لے آئے ہیں، انہیں اس معاملے پر ایسی گفتگو کرنے کی ضرورت کیوں پیش آرہی ہے؟

انہوں نے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی یکجہتی برقرار رہے گی اور صوبے کی تقسیم سے متعلق کسی بھی کوشش کے معاملے پر پیپلزپارٹی سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑی ہوگی۔