وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی پر مخالفین سے کہوں گی محنت کر حسد نہ کر، مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے مریم نواز شریف  کا تاریخی استقبال کرنے اور اصلی سونے کا تاج پہنانے کا اعلان کردیا


ویب ڈیسک November 22, 2026

پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کہتی ہیں آج کی وزیر اعلیٰ کو آپ کی اور آپ کے بچوں کی فکر ہے، مریم نواز کہتی ہیں آسمان سے تارے توڑ کر عوام کو لاکر دوں گی، ایسی وزیر اعلیٰ کو سپر سی ایم کہنا پڑے گا۔ یہی کہوں گی کہ حسد نہ کر محنت کر یا کراس کر یا برداشت کر، یہ بسوں پر لکھا ہوتا ہے، ایسے ہی مریم نواز کے پراجیکٹس کو کراس کرو اگر کراس نہیں کرسکتے تو برداشت کرو ۔

مسلم لیگ ن یوتھ کے زیر اہتمام سوشل میڈٰیا کنونشن میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سمیت پارٹی عہدیداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے مریم نواز شریف  کا تاریخی استقبال کرنے اور اصلی سونے کا تاج پہنانے کا اعلان کردیا ۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کا سوشل میڈیا کا پودا آج تناور درخت بن گیا ہے، سوشل میڈیا کے سولجر بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ میں سیاسی کارکن کے طور  پر اپنی لیڈر مریم نواز کا استقبال کرنے یہاں آئی ہوں، پنجاب کی عوام خوش قسمت ہے مریم نواز اس صوبہ کی حکمران ہیں۔

انہیں آپکی دوائی کی فکر ہے، آپ کے گھروں، اسکولوں، اسپتالوں، صفائی کی فکر ہے۔ مخالفین کی آج جو چیخیں سنائی دے رہی ہیں اس کی وجوہات یہ ہیں کہ مریم نواز کا مقابلہ نہیں کر سکتے، وہ باتیں کرتے ہیں، 8 ہزار بچوں کو اسکالر شپ اور لیپ ٹاپ ملیں گے۔

مسلم لیگ ن سوشل میڈیا یوتھ کنونشن سے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس کنونشن کے لیے یوتھ کو فنڈنگ نہیں کی گئی آج نوجوانوں نے سرپرائز دیا ہے، جوش و جذبے نے مجبور کیا کہ جس پر میں نے سینئر وزیر کو آنے کی درخواست کی، 24 تاریخ دن ایک بجے راولپنڈی کی سڑکوں پر مریم نواز کا تاریخی استقبال ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف شہباز شریف مریم اورنگزیب نے ترقیاتی منصوبے دیے، اللہ کا فضل ہے جلتے کیوں ہو، حسد نہ کرو محنت کرو، ریلوے کے اندر پنجاب حکومت کی سرمایہ کاری کی گئی،  ستر سالہ تاریخ میں نہیں ہوئی، مریم نواز نے 15 سے 16 ارب کے منصوبے ریلوے کو دیے۔ تمام ریلوے کراسنگ پر پھاٹک قائم کیے ، ریلوے اسٹیشن کی رینویشن کی، چار سو بیڈ کا اسپتال جون 2027 تک راولپنڈی میں مکمل کریں گے۔

 بارہ سے چودہ کڈنی لیور ٹرانسپلانٹ فری کیے گئے، پی کے ایل آئی راولپنڈی  میں، نوجوان وزیر اعلیٰ پنجاب کے استقبال کے روٹ پر موجود ہونگے، مریم نواز کو اصلی سونے کا تاج پہنائیں گے، رسید بھی دیں گے۔ لاہور کا شہر دیگر شہروں کے مقابلے میں جرائم میں بہتر ہے۔ ستھرا پنجاب آج اپنا مقام حاصل کررہا ہے، ٹرانسپورٹ کا نظام آچکا ہے۔