لبنان کی فوج نے شام سے اسمگل کرکے لایا گیا 264 کلوگرام دھماکا خیز مواد قبضے میں لے کر تین مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔
لبنانی فوج کے مطابق یہ کارروائی ملک کی شمالی اور مشرقی سرحدوں پر نگرانی اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی، جہاں فوجی اہلکاروں نے شام سے اسمگل کیا جانے والا بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد کیا۔
فوج کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ضبط کیے گئے مواد میں تقریباً 203 کلوگرام سی فور (C4) اور 61 کلوگرام ٹی این ٹی (TNT) شامل ہے۔
کارروائی کے دوران اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے شبہے میں تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جن سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
لبنانی فوج کے مطابق ضبط شدہ دھماکا خیز مواد متعلقہ حکام کے حوالے کردیا گیا ہے جبکہ گرفتار افراد کے خلاف عدالتی نگرانی میں تحقیقات جاری ہیں۔
حکام نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ دھماکا خیز مواد کس تنظیم یا گروہ کے لیے اسمگل کیا جا رہا تھا اور اس کی منزل کہاں تھی۔
یہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ ماہ لبنان میں حزب اللہ سے منسوب دھماکا خیز مواد کی ایک بڑی کھیپ بھی پکڑی گئی تھی، جس کے بعد ملک میں اسلحے اور دھماکا خیز مواد کی غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب شامی حکام نے بھی لبنان منتقل کیے جانے والے اسلحے کی ایک الگ کھیپ پکڑنے اور ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے۔
خطے میں جاری سیکیورٹی کشیدگی کے تناظر میں لبنان اور شام کی سرحدوں پر اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے نگرانی مزید سخت کی جا رہی ہے۔