پیٹرول پمپ مالکان کا قیمتوں کی یومیہ تبدیلی ختم کرکے ماہانہ نظام بحال کرنے کا مطالبہ

روزانہ قیمت کی تبدیلی سے کاروباری منصوبہ بندی مشکل ہوگئی، مالکان


طالب فریدی November 23, 2026
فوٹو: فائل

لاہور:

آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کا نظام ختم کرکے ماہانہ قیمتوں کا نظام بحال کرنے کا مطالبہ کردیا۔

ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ تبدیل ہونے سے ڈیلرز کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ڈیلرز ایک قیمت پر اسٹاک خریدتے ہیں تاہم قیمتیں کم ہونے پر انہیں مہنگا خریدا گیا اسٹاک کم قیمت پر فروخت کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روزانہ قیمتوں میں تبدیلی سے خریداری، سرمایہ کاری اور کاروباری منصوبہ بندی بھی مشکل ہوگئی ہے جبکہ پیٹرول پمپس پر صارفین کے ساتھ قیمتوں کے حوالے سے الجھن پیدا ہوتی ہے۔

نعمان علی بٹ کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن کے ارکان چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری افراد ہیں جو عوام کو ضروری سہولت فراہم کرنے کے ساتھ روزگار بھی مہیا کرتے ہیں۔ موجودہ صورتحال برقرار رہی تو کئی پیٹرول پمپس بند ہونے اور روزگار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ روزانہ قیمتوں کی تبدیلی کا نظام ختم کرکے ماہانہ قیمتوں کا نظام بحال کیا جائے، اس سے قیمتوں میں استحکام اور کاروباری منصوبہ بندی میں آسانی ہوگی۔

وائس چیئرمین نے وزیراعظم اور متعلقہ اداروں سے مسائل جلد حل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم مسئلہ حل نہ ہونے کی صورت میں باہمی مشاورت سے آئندہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔