ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے متوقع فولڈ ایبل اسمارٹ فون آئی فون ڈوو کے لیے لاک اسکرین کے نئے ویجٹس کی آزمائش کا انکشاف ہوا ہے جو مستقبل میں سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کے ذریعے متعارف کرائے جاسکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق آئی فون ڈوو فی الحال لاک اسکرین پر دو کسٹمائز ایبل شارٹ کٹس کی سہولت فراہم کرتا ہے جو اسکرین کے نیچے دائیں جانب موجود ہوتے ہیں۔ تاہم، ایک ٹِپسٹر کا دعویٰ ہے کہ ایپل اس فولڈ ایبل فون کے لیے نئے لاک اسکرین ویجٹس پر کام کر رہا ہے۔
لیکسٹر پی ڈی ایف یو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس فیچر کی تفصیلات کے ساتھ ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں نئے ویجٹس کو کام کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ٹِپسٹر کے مطابق ایپل نے ایک نئے ’کمپلیکیشن کالم‘ کی آزمائش کی ہے جس میں دو ویجٹس کی گنجائش ہوگی۔ یہ ویجٹ باکس کور اسکرین کے دائیں جانب نیٹ ورک اسٹیٹس انڈیکیٹرز کے نیچے ظاہر ہوگا۔
یہ فیچر پہلی مرتبہ آئی او ایس 27.1 میں دیکھا گیا تھا لیکن اس وقت اسے غیر فعال رکھا گیا تھا۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس ویجٹ کالم کو Springboard/Ionic نامی سیٹنگ کے ذریعے کنٹرول کیا جاتا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ آئی او ایس 27.1 کے بعد سے ایپل نے اس فیچر کے کوڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جس کے باعث یہ واضح نہیں کہ کمپنی اب بھی اس پر کام کر رہی ہے یا اسے مستقبل کی کسی آئی او ایس اپ ڈیٹ میں فعال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
اگر یہ فیچر متعارف کرایا جاتا ہے تو آئی فون ڈوو صارفین کو فون کی کور اسکرین پر ہی مزید معلومات ایک نظر میں دیکھنے کی سہولت مل سکے گی۔