پرائیویسی کی یقین دہانی، سِگنل نے اسکرین شاٹس بلاک کرنے کا فیچر متعارف کرا دیا

نیا اسکرین شاٹ بلاکنگ فیچر ڈیفالٹ طور پر فعال ہوگا


ویب ڈیسک November 22, 2026

پیغام رسانی کی مقبول ایپ سگنل نے صارفین کی نجی معلومات کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے محفوظ رکھنے کے لیے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز پر اسکرین شاٹس کی پابندی کا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔

سگنل کی صدر میریڈیتھ وٹیکر کے مطابق آپریٹنگ سسٹمز میں شامل اے آئی فیچرز صارفین کی اسکرین پر موجود معلومات کا تجزیہ کرتے ہیں، جس سے ایپ کی جانب سے مکمل رازداری کی ضمانت متاثر ہو سکتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سگنل کی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن پیغامات کی ترسیل کے دوران تحفظ فراہم کرتی ہے لیکن اگر آپریٹنگ سسٹم یا اے آئی اسسٹنٹ اسکرین پر موجود پیغامات تک رسائی حاصل کر لے تو ان کی رازداری یقینی بنانا ممکن نہیں رہتا۔

نیا اسکرین شاٹ بلاکنگ فیچر ڈیفالٹ طور پر فعال ہوگا۔ البتہ، صارفین سیٹنگز میں جا کر اسے بند کر سکتے ہیں۔

وٹیکر نے واضح کیا کہ یہ مکمل حل نہیں کیونکہ جیمینائی اور سِری جیسے اے آئی اسسٹنٹس دیگر ذرائع سے بھی ایپ کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔