مائیکروسافٹ نے اسرائیل میں ایک نئی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جو کمپنیوں کو ایسے انکرپشن سسٹمز کی نشاندہی کرنے میں مدد دے گی جنہیں مستقبل کے کوانٹم کمپیوٹرز توڑنے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے۔
اسرائیلی کاروباری و مالیاتی اخبار کیلکیلسٹ کے مطابق اِنبار بدیان کی سربراہی میں قائم ہونے والا یہ گروپ ایسا سافٹ ویئر تیار کرے گا جو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے اداروں کے استعمال میں موجود انکرپشن سسٹمز کا جائزہ لے گا اور ان میں موجود ممکنہ کمزوریوں کی نشاندہی کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق اس مقصد کے لیے اے آئی ایجنٹس استعمال کیے جائیں گے جو خودکار طور پر مختلف کام انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہ ایجنٹس اداروں کے انکرپشن سسٹمز کی فہرست کو مسلسل اپ ڈیٹ رکھیں گے اور سائبر سیکیورٹی ٹیموں کو ان کمزوریوں کی نشاندہی کرنے میں مدد دیں گے جنہیں فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
یہ اقدام مائیکروسافٹ کی پوسٹ کوانٹم کرپٹوگرافی کی جانب منتقلی کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ اس ٹیکنالوجی میں ایسے جدید انکرپشن طریقے شامل ہیں جنہیں مستقبل میں طاقتور کوانٹم کمپیوٹرز کے ممکنہ سائبر حملوں سے محفوظ رہنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
مائیکروسافٹ نے گزشتہ جولائی میں اعلان کیا تھا کہ اس کا ہدف 2029 تک اپنی اہم مصنوعات اور سروسز کو پوسٹ کوانٹم کرپٹوگرافی پر منتقل کرنا ہے۔
ماہرین کے مطابق مستقبل میں کوانٹم کمپیوٹنگ کی ترقی موجودہ انکرپشن نظاموں کے لیے ایک بڑا چیلنج بن سکتی ہے اسی لیے ٹیکنالوجی کمپنیاں ابھی سے اپنے سیکیورٹی نظاموں کو اس تبدیلی کے لیے تیار کر رہی ہیں۔