اسلام آباد:
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ کیا محسن نقوی قائداعظم ہیں کہ ان کی ذات اور افکار پر تبصرے کروں گا؟ محسن نقوی بڑے شوق سے میرے اوپر تبصرہ فرمائیں، مجھ جیسا آدمی دھمکیوں سے ڈرنے والا نہیں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نئے صوبوں کا معاملہ محسن نقوی نے غلط انداز میں آگے بڑھا کر متنازع بنا دیا ہے، انہیں اپنی ناکامیوں پر ناراض ہونے کے بجائے انہیں تسلیم کرنا چاہیے۔ میں نے کبھی محسن نقوی کی ذات پر تبصرہ نہیں کیا اور نہ ہی آئندہ کروں گا، البتہ ان کی بعض باتوں سے اختلاف اور اعتراض ضرور کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ محسن نقوی کو وزیر داخلہ کہہ کر مخاطب کیا، کبھی چیئرمین پی سی بی نہیں کہا۔ مجھے محسن نقوی اور دیگر وزرا کی رائے کا احترام ہے، تاہم مجھے بھی اپنی رائے رکھنے کا حق حاصل ہے۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ پارلیمنٹ میں ہوگا۔ محسن نقوی اب تک صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو اس معاملے پر اعتماد میں کیوں نہیں لے سکے؟ صدر زرداری اور بلاول کہہ رہے ہیں کہ ہم سے تو کسی نے بات ہی نہیں کی تو پھر آپ گزشتہ چار ماہ سے کیا کر رہے ہیں؟
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ محسن نقوی اس بحث کو خود آگے لے کر چلے ہیں، اس لیے اب انہیں اس کی ذمہ داری بھی قبول کرنی چاہیے۔ انہوں نے غیر متعلقہ باتیں کرکے معاملے کو مزید الجھا دیا ہے، جس کے باعث اب یہ معاملہ متنازع ہوچکا ہے اور پارلیمنٹ میں جائے گا۔