یمن کے جنوب مغربی علاقے میں سعودی طیاروں کی جانب سے بسوں اور ٹرکوں کو نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں 25 افراد جاں بحق یا لاپتا ہوگئے، جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حوثیوں سے وابستہ خبر رساں ایجنسی ’سبا‘ نے بتایا ہے کہ صوبہ لحج کی وادی مبق میں سعودی طیاروں نے مسافر بسوں اور ٹرکوں پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔
حوثی میڈیا کے مطابق حملے میں جاں بحق یا لاپتا ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 25 ہوگئی ہے، جبکہ 6 افراد زخمی ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقے میں سعودی طیاروں کی مسلسل پروازوں کے باعث امدادی کارروائیوں اور لاپتا افراد کی تلاش میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔