بابر اعظم کی آئی ایل ٹی 20 ڈیبیو پر 86 رنز کی دھواں دار بیٹنگ، ٹیم کو فتح دلا دی

بابر اعظم نے آئی ایل ٹی 20 کی تاریخ میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ چوکے لگانے کا نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا


اسپورٹس ڈیسک November 24, 2026

پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے آئی ایل ٹی 20 میں اپنے پہلے ہی میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈیزرٹ وائپرز کو شارجہ واریئرز کے خلاف 6 وکٹوں سے کامیابی دلا دی۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں بابر نے صرف 51 گیندوں پر 86 رنز بنائے جس میں 13 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ان کے 13 چوکوں نے آئی ایل ٹی 20 کی تاریخ میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ چوکے لگانے کا نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔

اس سے قبل یہ اعزاز علیشان شرفو کے پاس تھا جنہوں نے 2024 میں 11 چوکے لگائے تھے۔

بابر نے 31 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور جارڈن کلارک کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 82 رنز کی شراکت قائم کی۔

شارجہ واریئرز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 166 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے جواب میں ڈیزرٹ وائپرز نے 17.3 اوورز میں ہدف حاصل کرلیا۔

یہ دفاعی چیمپئن ڈیزرٹ وائپرز کی رواں سیزن میں پہلی کامیابی ہے۔ ٹیم اب 25 نومبر کو دبئی کیپیٹلز کے مدمقابل ہوگی۔