بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم اور عوامی لیگ کی سربراہ شیخ حسینہ نے بھارت میں دو سال سے زائد عرصہ جلاوطنی گزارنے کے بعد 16 دسمبر کو وطن واپس آنے کے ارادے کا اظہار کیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شیخ حسینہ نے بنگلہ دیش کے یومِ فتح کے موقع پر ڈھاکا واپسی کی تاریخ مقرر کی ہے۔ ان کے ترجمان سید معظم علی کا کہنا ہے کہ شیخ حسینہ نے بنگلہ دیشی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں نئی دہلی سے ڈھاکا واپس لانے کے لیے قومی فضائی کمپنی بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کا طیارہ فراہم کیا جائے۔
شیخ حسینہ 5 اگست 2024 کو طلبہ کی قیادت میں ہونے والی عوامی تحریک کے نتیجے میں حکومت ختم ہونے کے بعد بھارت چلی گئی تھیں۔ ان کی 15 سالہ حکومت کا خاتمہ ہوا تھا۔
دوسری جانب بنگلہ دیشی حکومت نے واضح کیا ہے کہ اگر شیخ حسینہ وطن واپس آئیں تو انہیں گرفتار کرکے جیل بھیجا جائے گا۔
بنگلہ دیش میں ایک خصوصی ٹریبونل انہیں 2024 کی احتجاجی تحریک کے دوران مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کے مقدمے میں غیر حاضری میں سزائے موت سنا چکا ہے، تاہم شیخ حسینہ الزامات مسترد کرتی ہیں۔