وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی، گمراہ کن اور کسی کی عزت و وقار کو نقصان پہنچانے والی معلومات پھیلانے والوں کے خلاف ملکی قوانین کے تحت کارروائی ہونی چاہیے، جبکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بھی نقصان دہ مواد فوری ہٹانے کے ذمہ دار ہیں۔
اسلام آباد میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور دورِ مابعدِ صداقت کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آزادی اظہار اور معلومات تک رسائی کا حق اہم ہے، تاہم شہریوں کی عزت، وقار، شہرت اور نجی زندگی کا تحفظ بھی ضروری ہے۔وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبر چند سیکنڈز میں پھیل جاتی ہے، لیکن وضاحت یا تردید کے باوجود اس کے اثرات ختم نہیں ہوتے۔ جھوٹی خبر بھی گولی کی طرح ہوتی ہے، جس کے اثرات واپس نہیں لیے جا سکتے۔
اعظم نذیر تارڑ نے اپنی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ ماضی میں ان کے اثاثوں سے متعلق ایک غلط خبر شائع ہوئی، جس میں اعداد و شمار کی غلطی کے باعث اثاثوں کو حقیقت سے کہیں زیادہ ظاہر کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین، برطانیہ اور بھارت سمیت مختلف ممالک نے سوشل میڈیا کے حوالے سے ضابطہ کار متعارف کرائے ہیں، پاکستان کو بھی اپنی سکیورٹی اور معاشرتی ضروریات کے مطابق مؤثر نظام تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر قانون نے بتایا کہ سوشل میڈیا کے ضابطہ کار نظام میں اصلاحات کے لیے صحافیوں، ماہرین اور میٹا سمیت متعلقہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے مشاورت کی گئی، یہ عمل تقریباً 18 ماہ جاری رہا۔ سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام، پیکا قانون میں ترامیم اور نئے قواعد اسی کوشش کا حصہ ہیں۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، جبکہ قانون سازی ایک طویل اور مشاورتی عمل ہے، اس لیے قوانین کو نئے رجحانات کے مطابق مسلسل بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بچوں، خواتین اور تمام شہریوں کے تحفظ کے لیے مزید مؤثر پالیسی اقدامات کیے جائیں گے اور اس حوالے سے تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا۔