پنجاب زمین ایپ متعارف، شہریوں کو گھر بیٹھے زمینی خدمات میسر ہوں گی

ایپ کے ذریعے شہری اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ جائیدادوں کی تفصیلات بھی دیکھ سکیں گے


ویب ڈیسک November 24, 2026

پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی نے شہریوں کو گھر بیٹھے زمینی خدمات کی فراہمی کے لیے اہم ڈیجیٹل اقدام کرتے ہوئے پنجاب زمین ایپ متعارف کرا دی ہے۔

چیئرمین پلرا طارق سبحانی کے مطابق پنجاب زمین ایپ کے ذریعے فرد، انتقال، ای رجسٹری اور گرداوری کے ریکارڈ کی نقول کا حصول ممکن ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ایپ کے ذریعے شہری اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ جائیدادوں کی تفصیلات بھی دیکھ سکیں گے۔ ایپ سے آن لائن ادائیگی کی سہولت بھی دستیاب ہوگی، جبکہ بیرونِ ملک پاکستانی بھی اس سہولت سے استفادہ کر سکیں گے۔

چیئرمین پلرا نے کہا کہ منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کی تفصیلات بھی پنجاب زمین ایپ پر دستیاب ہوں گی۔ پنجاب زمین ایپ پر RCMS کے ذریعے مقدمات کی تفصیلات تک آسان رسائی بھی ممکن ہوگی۔طارق سبحانی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کو آسان اور شفاف زمینی خدمات کی فراہمی اوّلین ترجیح ہے۔