طلال چوہدری نے کالعدم تحریک کے رکن اور کارندوں کی 2 مبینہ آڈیو کالز میڈیا کے سامنے پیش کردیں

مبینہ آڈیو کالز میں اسلحے، گولیوں کی ترسیل اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں کی صورتحال پر بات چیت کی جا رہی ہے


ویب ڈیسک November 24, 2026

وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کالعدم تحریک کی کور کمیٹی کے رکن امتیاز اسلم اور فیلڈ میں موجود کارندوں کے درمیان ہونے والی دو مبینہ آڈیو کالز میڈیا کے سامنے پیش کر دیں، جن میں اسلحے، گولیوں کی ترسیل اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں کی صورتحال پر بات چیت کی جا رہی ہے۔

پریس کانفرنس میں چلائی گئی پہلی آڈیو کال میں امتیاز اسلم اور ایک دوسرے شخص (واجد)کے درمیان گفتگو سنی جا سکتی ہے۔ گفتگو میں کہا جا رہا ہے کہ لڑکے محاذ پر بیٹھے ہیں اور انتظار کر رہے ہیں لیکن ان کے پاس سامان (اسلحہ) کم پڑ گیا ہے۔ کال میں ایک شخص بتاتا ہے کہ اسلحہ اور گولیاں بھجوائی جا رہی ہیں جبکہ پیمنٹ بھی کر دی گئی ہے۔ گفتگو میں مزید کہا گیا کہ اسلحہ کی فراہمی کے لیے کل ہی آرڈر دے دیا گیا تھا اور تقریباً ساڑھے تین سو کے قریب گولیاں یا سامان کی ترسیل کے حوالے سے رابطے جاری ہیں۔

دوسری آڈیو کال میں علاقے کی کشیدہ صورتحال اور فورسز کے ساتھ تصادم کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ کال میں ایک شخص بتاتا ہے کہ صورتحال کافی خراب ہے اور فورسز کی جانب سے کارروائی کی جا رہی ہے۔ گفتگو کے دوران فورسز پر فائرنگ اور گولیاں چلانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا کہ اسلحہ اور گولیاں پہنچائی جا رہی ہیں تاکہ فورسز کا مقابلہ کیا جا سکے۔

وزیر مملکت طلال چوہدری نے ان آڈیو کالز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ حقوق کی تحریک کے نام پر باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت اسلحہ اکٹھا کیا جا رہا ہے اور سکیورٹی اداروں پر حملے کروائے جا رہے ہیں۔