اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی ایئرپورٹس پر اسمارٹ اسکیننگ سسٹم جلد فعال کرنے کی ہدایت کردی۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امور پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس وزیراعظم کی زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں ٹیکس وصولیوں اور ایف بی آر کے مختلف آپریشنز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان کے ہوائی اڈوں پر کسٹم کلیئرنس، امیگریشن سمیت دیگر آپریشنز کو تیز تر بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے پاکستان کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر اسمارٹ اسکیننگ سسٹم کو جلد فعال بنانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ چیئرمین ایف بی آر کے کراچی اور لاہور کے دوروں اور وہاں کے تاجروں اور صنعت کاروں کے ساتھ ملاقاتوں کے ملک کی تجارت، برآمدات اور سرمایہ کاری پر مثبت نتائج مرتب ہوں گے۔
اجلاس میں بانڈیڈ ویئر ہاؤسز کے حوالے سے حال ہی میں کی گئی انکوائری کے نتیجے میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے ٹیکس بے ضابطگیاں سامنے آنے پر وزیراعظم نے بلا تفریق کارروائی اور ریکوری کی ہدایت دی۔
اجلاس کو ایف بی آر کے مختلف آپریشنز کے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ متعلقہ اداروں کی معاونت سے پاکستان کے بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر اسمارٹ اسکیننگ کا سسٹم لگایا جا رہا ہے، جس سے مسافروں کے سامان کو خودکار طریقے سے گرین چینل اور ریڈ چینل میں بھیجا جا سکے گا۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ جدید کارگو ٹریکنگ سسٹم پر بھی کام جاری ہے، جس سے سیلز ٹیکس گیپ اور اسمگلنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ کارگو ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے سامان کی ترسیل لوڈنگ سے ڈیلیوری تک ایک ہی ڈیجیٹل سسٹم سے منسلک ہوگی۔ یہ سسٹم ای بلٹی، رسک مینجمنٹ سسٹم، فیلڈ انفورسمنٹ اور اینالیٹکس ڈیش بورڈ پر مشتمل ہوگا۔ اس سسٹم کے بہتر نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے ایک اسٹیئرنگ کمیٹی بھی تشکیل دی جا رہی ہے، جس میں صوبائی نمائندگی بھی ہوگی۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے بانڈیڈ ویئر ہاؤسز کے آڈٹ کے دوران 24.4 بلین روپے کی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں اور اس حوالے سے قانونی طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے ریکوریاں کی جا رہی ہیں۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ملک بھر میں دریائے سندھ کے پلوں پر انڈس کلکٹریٹ نے کام کا آغاز کر دیا ہے۔ اس انفورسمنٹ کلکٹریٹ میں 856 اسٹاف نے خدمات دینا شروع کر دی ہیں اور اس کلکٹریٹ نے اب تک 302 کارروائیوں میں 1849 ملین روپے کی مالیت کی غیر قانونی اشیا قبضے میں لی ہیں۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ملک میں سیلز ٹیکس کی ریکوری بہتر بنانے کے حوالے سے ملک کی چار بڑی ٹیکس پیئر یونٹس، کراچی، لاہور، اسلام آباد اور ملتان میں سیلز ٹیکس کے لیے الگ زونز بنائے جا رہے ہیں۔ پرال (PRAL) کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیٹا انٹیگریٹی کے ضمن میں کئی سافٹ ویئرز میں اضافی سیکیورٹی فیچرز ڈالے جا چکے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ماضی میں فاٹا/پاٹا ٹیکس استثنیٰ کی آڑ میں ایف بی آر افسران کی جانب سے غیر مجاز کنزمپشن سرٹیفیکیٹس جاری کرنے پر ان افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ چیئرمین ایف بی آر اور ان کی ٹیموں کی جانب سے کراچی اور لاہور کے دوروں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور کاروباری برادری کے بہت سے مسائل حل ہو رہے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایف بی آر کراچی کی کورنگی انڈسٹریل اسٹیٹ میں اپنا دفتر قائم کر رہا ہے تاکہ وہاں کے صنعت کاروں کو ان کی دہلیز پر ایف بی آر کی سروسز فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔