ریاستی اداروں اور عوام کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، وزیر داخلہ

ہ ڈیجیٹل جرائم کے خاتمے کے لئے محدود وسائل کے باوجود بھرپور کام کیا جا رہا ہے


ویب ڈیسک November 24, 2026

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا کو ذمہ داری سے کام لینا ہوگا کیونکہ سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلانا نہایت خطرناک ہے جس سے عوام میں انتشار پھیلتا ہے۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ دہشت گردی اور نفرت انگیز تقاریر سمیت حکومت کی چار ریڈ لائنز ہیں اور سوشل میڈیا پر جھوٹے بیانیے کا فروغ ہر صورت روکنا ہوگا۔ وہ ادارہ برائے پائیدار ترقیاتی پالیسی (ایس ڈی پی آئی) کے زیرِ اہتمام منعقدہ بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں غلط معلومات اور ڈیپ فیکس جیسے چیلنجز سے نمٹنا انتہائی ضروری ہو چکا ہے اور اس مقصد کے لئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بھی جوابدہ بنانا ہوگا۔

محسن نقوی نے بتایا کہ ڈیجیٹل جرائم کے خاتمے کے لئے محدود وسائل کے باوجود بھرپور کام کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں ‘سوشل میڈیا پروٹیکشن ریگولیٹری اتھارٹی’ کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے جبکہ فیک نیوز پھیلانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاستی اداروں اور عوام کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا کیونکہ ملکی سلامتی اور معاشرتی ہم آہنگی کے تحفظ کے لئے ڈیجیٹل میڈیا کو محفوظ بنانا ناگزیر ہے۔