ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کی جانب سے ملک کی زمینی ناکہ بندی کو تقریباً ناممکن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے وسیع رقبے، متعدد صوبوں اور ہمسایہ ممالک سے گہرے سرحدی روابط کے باعث اسے مکمل طور پر محصور نہیں کیا جاسکتا۔
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق عباس عراقچی نے وزارت خارجہ کے صوبائی دفاتر کے سربراہان کے سیمینار کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے سرحدی صوبوں میں ایسی صلاحیتیں موجود ہیں جو دشمن کی جانب سے بند کیے جانے والے راستوں کو دوبارہ کھولنے میں مدد دے سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر لوگوں کی آمدورفت، عوامی روابط اور دونوں جانب مشترکہ تاریخی و ثقافتی تعلقات ایران کے لیے اہم قوت ہیں۔ بالخصوص سرحدی علاقوں کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ روابط بیرونی پابندیوں اور رکاوٹوں کا مقابلہ کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ملک اور عوام کی ذمہ داری ہے کہ دشمنوں کو پابندیوں کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنے کی امید نہ رہے۔ دباؤ کا بہترین جواب یہ ہے کہ پابندیاں لگانے والوں کو یقین ہوجائے کہ ان کا حربہ مؤثر نہیں ہوگا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے تاہم واضح کیا کہ پابندیوں کا مقابلہ کرنے کا مطلب سفارت کاری ترک کرنا نہیں۔ وزارت خارجہ پابندیاں ختم کرانے اور مذاکرات کے لیے سفارتی راستے بھی کھلے رکھے ہوئے ہے۔
واضح رہے کہ امریکا ایران کے خلاف اقتصادی دباؤ بڑھانے اور اس کی تجارتی و رسدی گزرگاہوں کو محدود کرنے کی کوششیں کررہا ہے۔