اسلام آباد:
32ویں سلطان اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی کوریا کو 2-3 گول سے شکست دے دی۔
ایپوہ کے سلطان اذلان شاہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے راؤنڈ رابن میچ میں گرین شرٹس نے شاندار آغاز کیا اور پہلے ہی کوارٹر کے پانچویں منٹ میں رانا وحید اشرف نے فیلڈ گول کر کے پاکستان کو برتری دلائی۔ تیئیسویں منٹ میں شاہد حنان نے ایک اور فیلڈ گول داغ کر برتری 0-2 کر دی۔
جنوبی کوریا نے 35ویں منٹ میں چن سیمن کے فیلڈ گول کے ذریعے خسارہ کم کیا، تاہم 53ویں منٹ میں شاہد حنان نے اپنا دوسرا اور میچ کا تیسرا فیلڈ گول اسکور کر کے پاکستان کی پوزیشن مستحکم کر دی۔
میچ کے آخری لمحات میں، 60ویں منٹ میں جنوبی کوریا کے لی منہیوک نے گول کر کے سکور 2-3 ضرور کیا، لیکن قومی ٹیم نے دفاعی استحکام برقرار رکھتے ہوئے فتح اپنے نام کر لی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی ٹیم کو کوریا کے خلاف کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اگلے میچز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔