قطری بحریہ کے اہلکار نے ذمہ داریوں کی انجام دہی میں اپنی جان قربان کردی

متحدہ عرب امارات نے قطری بحری فوجی کی دوران ڈیوٹی شہادت پر قطر سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے


ویب ڈیسک November 24, 2026
قطری بحری اہلکار کی شہادت، امارات کا اظہارِ تعزیت

قطر کی وزارت دفاع نے امیری بحری افواج کے اہلکار عمار یاسر عرفات محمد کی دوران ڈیوٹی شہادت کی تصدیق کردی تاہم تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

قطری خبر رساں ادارے قنا کے مطابق ملکی وزارت دفاع نے بتایا کہ یہ دکھ اور افسوس بھرا واقعہ گزشتہ روز پیش آیا تھا۔

بیان میں لانس کارپورل عمار یاسر عرفات محمد کی بہادری، دلیری اور ملک کے لیے جان دینے کے جذبے کو سراہا گیا۔

بیان میں ان کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی گئی۔

تاہم قطری وزارت دفاع نے اہلکار کی ہلاکت کے مقام، فوجی کارروائی کی نوعیت یا اس واقعے کے اسباب سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔

دریں اثنا متحدہ عرب امارات نے قطری بحری افواج کے اہلکار کی دوران ڈیوٹی شہادت پر قطر سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔

اماراتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات اس مشکل وقت میں قطر اور شہید کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑا ہے۔

اماراتی وزارت دفاع کے بیان میں دونوں ممالک کے درمیان یکجہتی اور برادرانہ تعلقات کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔