کچھ آوازیں وقت کے ساتھ خاموش ہوجاتی ہیں، لیکن کچھ آوازیں ایسی ہوتی ہیں جو زمانے کی سرحدوں کو عبور کرکے قوموں کی اجتماعی یادداشت کا حصہ بن جاتی ہیں۔ یہ آوازیں صرف کانوں میں نہیں گونجتیں بلکہ دِلوں میں گھر کر لیتی ہیں۔
ان کے ساتھ کسی دُور کی یادیں، جذبات، خوشیاں، غم اور تاریخ کے ناقابلِ فراموش واقعات جڑے ہوتے ہیں۔ سلیم رضا بھی ایسی ہی ایک آواز کا نام ہے، جس نے اپنی مدھر، دِرد میں ڈوبی ہوئی اور جذبات سے لبریز آواز کے ذریعے پاکستانی موسیقی کی تاریخ میں ایک منفرد مقام حاصل کیا۔
وہ ایک ایسے فن کار تھے جن کی آواز میں محبت کی مٹھاس بھی تھی، جدائی کا کرب بھی، روحانیت کی لطافت بھی اور وطن سے محبت کا بے مثال جذبہ بھی۔ انہوں نے فلمی دُنیا میں اپنی گائیکی سے لاکھوں دِلوں کو متاثر کیا، لیکن اُن کی شخصیت کا ایک ایسا پہلو بھی ہے جسے ہماری قومی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جانا چاہیے۔ یہ وہی سلیم رضا تھے جنہوں نے ستمبر 1965 کی جنگ کے دوران اپنی آواز کو وطن کے دفاع کا ہتھیار بنایا اور ریڈیو پاکستان لاہور کے ذریعے قوم کے حوصلے بلند کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔
اُن کی کہانی محض ایک کام یاب گلوکار کی داستان نہیں بلکہ ایک ایسے فن کار کی زندگی کا سفر ہے جس نے اپنے فن، جذبے اور قربانی سے یہ ثابت کیا کہ وطن کی خدمت کے لیے ہر شخص کا اپنا ایک مورچہ ہوتا ہے۔ سلیم رضا کی زندگی کے متعلق لکھنے کے لیے مجھے محترم جیمز فرانسس نے متحرک کیا اور ساتھ ہی ابصاراحمد کی کتاب ’’ہرتان پاکستان‘‘ تحفہ میں دی، ا اور امریکا میں مقیم سلیم رضا کے نیازمند اپنے بھائی فادر رشید پیٹر فرانسس سے متعاراف کروایا جنہوں نے مجھے کئی نایاب معلومات اور تصویریں دیں۔ میں سمجھتا ہوں اُن کے پاس سلیم رضا کے متعلق جتنی معلومات کا خزانہ ہے اس سے وہ ایک بہترین کتاب مرتب کرسکتے ہیں۔ میں نے مختلف ذرائع اور انٹرنیٹ سے ریسرچ کرکے تقریباً30 صفحات جمع کیے ہیں اب انہیں ایک مضمون میں تشکیل دینے کی کوشش کی ہے۔
نوئیل ڈائس سے سلیم رضا تک:سلیم رضا کا اصل نام نوئیل ڈائس ( Dias Noel ) تھا۔ وہ 1932 میں امرتسر، برطانوی ہندوستان میں ایک گوائن مسیحی خاندان میں پیدا ہوئے۔ موسیقی اور مذہبی عقیدت سے جڑے ماحول میں اُن کی پرورش ہوئی۔ تقسیمِ ہند 1947 کے بعد وہ اپنے خاندان سمیت پاکستان منتقل ہوگئے اور لاہور کو اپنا مسکن بنایا۔ لاہور اس زمانے میں تہذیب، ادب، موسیقی اور فنونِ لطیفہ کا اہم مرکز بن رہا تھا۔ نئی مملکت پاکستان اپنی الگ ثقافتی شناخت تشکیل دے رہی تھی۔ ریڈیو، تھیٹر اور فلمی صنعت کے ذریعے فنکار ایک نئے عہد کی بنیاد رکھ رہے تھے۔ ایسے ماحول میں نوئیل ڈائس نے بھی اپنی صلاحیتوں کو منوانے کا سفر شروع کیا اور جلد ہی سلیم رضا کے نام سے موسیقی کی دُنیا میں پہچانے جانے لگے۔
اُن کی آواز میں ایک خاص قسم کی نرمی، ٹھہراؤ اور دِرد تھا۔ وہ بلند آواز اور غیرمعمولی اتار چڑھاؤ کے بجائے سادگی اور جذبات کے ساتھ گانے پر یقین رکھتے تھے۔ اُن کی گائیکی کا خاص وصف یہ تھا کہ وہ گیت کے الفاظ کو محض ادا نہیں کرتے تھے بلکہ اُن کے اندر موجود احساس کو اپنی آواز میں منتقل کردیتے تھے۔ اُن کی آواز میں ایک روحانی کیفیت محسوس ہوتی تھی۔ شاید یہی وجہ تھی کہ ان کے رومانوی گیتوں میں بھی اداسی، محبت اور انسانی جذبات کی گہرائی نمایاں رہتی تھی۔
پاکستانی فلمی موسیقی کا ایک روشن باب:1950کی دہائی میں پاکستانی فلمی صنعت اپنے ابتدائی مراحل سے گزر رہی تھی۔ وسائل محدود تھے، لیکن تخلیقی صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں تھی۔ موسیقار، شاعر، گلوکار اور فلم ساز مل کر ایک ایسی موسیقی تشکیل دے رہے تھے جو آنے والی نسلوں کے لیے یادگار بننے والی تھی۔ سلیم رضا نے ریڈیو پاکستان سے اپنی شناخت بنائی اور جلد ہی فلمی دُنیا میں بھی قدم رکھا۔ فلم ’قاتل‘ (1955) اُن کے کیریئر کا اہم سنگِ میل ثابت ہوئی۔ اس فلم کا گیت ’’یہ زندگی کون جانے، کس موڑ پر لے آئے‘‘ اُن کی پہچان بن گیا۔
اس کام یابی کے بعد انہیں فلمی گائیکی کے میدان میں نمایاں مقام حاصل ہونے لگا۔ وہ اپنے دُور کے نامور موسیقاروں ماسٹر عنایت حسین، رشید عطرے اور خواجہ خورشیدانور کے ساتھ کام کرنے کا موقع حاصل کرنے میں کام یاب رہے۔ اُن موسیقاروں کی دُھنوں اور شاعروں کے خوب صورت الفاظ کو سلیم رضا کی آواز نے ایک الگ رنگ دیا۔ ’نورِ اسلام‘، ’سہیلی‘، ’کوئل‘ اور ’سات لاکھ‘ جیسی فلموں میں اُن کی گائیکی نے سامعین کو متاثر کیا۔ ان کا گیت ’’جب تیری یاد آئے گی، دُنیا بھول جائے گی‘‘ آج بھی سننے والوں کو ماضی کے ایک خوب صورت دور میں لے جاتا ہے۔
اسی طرح ’’اے دِل کسی کی یاد میں ہوتا ہے بے قرار کیوں‘‘ میں اُن کی آواز کا دِرد اور جذبات کی گہرائی نمایاں ہے۔ یہ وہ گیت تھے جن میں سلیم رضا کی اصل فنی شناخت سامنے آتی تھی۔ ملکہ ترنم نور جہاں کے ساتھ ان کی جوڑی بھی سامعین میں مقبول رہی۔ دونوں کی آوازوں میں ایک خوب صورت ہم آہنگی پیدا ہوتی تھی۔ فلم ’سات لاکھ‘ میں گیت ’’یاروں مجھے معاف کرو، میں نشے میں ہوں‘‘ اُن کی گائیکی کے ایک مختلف رنگ کو سامنے لاتا ہے۔ سلیم رضا کی خوبی یہ تھی کہ وہ ہر گیت میں ایک خاص کیفیت پیدا کرتے تھے۔ اُن کی آواز میں نہ صرف رومانوی جذبات بلکہ زندگی کی بے ثباتی، انسانی کمزوری اور جدائی کا احساس بھی سنائی دیتا تھا۔
جب گیت بنے ہتھیار:سلیم رضا کی زندگی کا سب سے غیرمعمولی اور تاریخی باب ستمبر 1965 کی جنگ سے تعلق رکھتا ہے۔ یہ وہ وقت تھا جب پاکستان ایک مشکل اور نازک صورتِ حال سے گزر رہا تھا۔ بھارتی افواج نے پاکستان پر حملہ کردیا تھا۔ ملک بھر میں اضطراب اور تشویش کی فضا تھی۔ سرحدوں پر فوجی جوان وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے کو تیار تھے، جب کہ عوام اپنے محافظوں کے ساتھ کھڑے تھے۔ چھے ستمبر 1965 کی صبح سلیم رضا معمول کے مطابق بیدار ہوئے۔ انہیں ریڈیو اسٹوڈیو پہنچنا تھا جہاں موسیقی کی ریہرسل طے تھی۔
وہ اپنے اسکوٹر پر بیڈن روڈ سے ہوتے ہوئے مال روڈ کی طرف روانہ ہوئے۔ لاہور کی سڑکوں پر معمول کی زندگی رواں تھی، لیکن اچانک ایک زوردار دھماکے نے ماحول بدل دیا۔ کچھ ہی دیر بعد خبر پھیل گئی کہ بھارت نے پاکستان پر حملہ کردیا ہے۔ سلیم رضا کے مطابق اس خبر نے ہر شخص کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ فوجی گاڑیاں محاذ کی طرف روانہ تھیں۔ سڑکوں کے کنارے بچے، بوڑھے، خواتین اور نوجوان اپنے فوجی جوانوں کو ہاتھ ہلا کر رخصت کر رہے تھے۔ انہوں نے ایک فوجی ٹرک پر سوار نوجوانوں کو دیکھا۔ ایک نوجوان نے بلند آواز میں نعرہ لگایا، ’’پاکستان!‘‘ اور جواب میں دوسرے جوانوں نے آواز دی، ’’زندہ باد!‘‘
یہ منظر سلیم رضا کے دِل پر نقش ہوگیا۔ انہیں محسوس ہوا کہ یہ نعرہ محض ایک لفظ نہیں بلکہ ایک قوم کی زندگی، سلامتی اور بقاء کی علامت ہے۔ گھر واپس پہنچنے پر انہوں نے ریڈیو پاکستان سے نشر ہونے والے ملی نغمے سنے۔ انہیں احساس ہوا کہ جنگ کے اس مشکل وقت میں ریڈیو کو مزید نئے قومی ترانوں کی ضرورت ہے۔ پرانے گیت بار بار نشر ہورہے تھے اور انہیں لگتا تھا کہ قوم کے حوصلے بلند رکھنے کے لیے تازہ ملی نغمے ضروری ہیں۔ یہی سوچ انہیں دوبارہ ریڈیو پاکستان لاہور لے گئی۔ اس وقت ان کا بیٹا شدید بیمار تھا۔ اس کے باوجود وہ وطن کے لیے کچھ کرنے کے جذبے کے تحت ریڈیو اسٹیشن پہنچ گئے۔ ریڈیو پاکستان لاہور کے میوزک انچارج اکرم بٹ نے انہیں دیکھا تو پوچھا کہ کیا وہ وطن کے دفاع میں اپنا کردار ادا کریں گے؟ سلیم رضا نے جواب دیا کہ وہ اپنے خون کا آخری قطرہ بھی وطن پر نثار کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اسی دوران اسٹیشن ڈائریکٹر شمس الدین بٹ بھی وہاں پہنچ گئے۔
انہوں نے سلیم رضا کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ خون بہانا فوجیوں کا کام ہے، تم آواز کا مورچہ سنبھالو، کیوںکہ ریڈیو پاکستان کو زیادہ سے زیادہ ملی نغموں کی ضرورت ہے۔ یہ جملہ سلیم رضا کی زندگی کا ایک نیا باب بن گیا۔ انہوں نے اپنی آواز کو محاذِجنگ پر لڑنے والے فوجیوں اور ملک بھر میں موجود عوام کے نام کردیا۔ موسیقار کالے خان اور اکرم بٹ کے تعاون سے ملی نغموں کی تیاری شروع ہوئی۔ معروف شاعر ناصرکاظمی نے انہیں ’’ہمارے شیر دلیر جوان‘‘ کا ترانہ دیا، جسے سلیم رضا نے پورے جذبے کے ساتھ ریکارڈ کروایا۔ یوں ایک گلوکار نے اپنے حصے کا مورچہ سنبھال لیا۔
سترہ روزہ جنگ اور ملی نغموں کا تاریخی کردار: جنگِ ستمبر کے دوران سلیم رضا نے ریڈیو پاکستان لاہور کے لیے متعدد ملی نغمے ریکارڈ کروائے۔ اُن کی آواز میں نشر ہونے والے گیتوں نے عوام اور فوجی جوانوں کے جذبات کی ترجمانی کی۔ ’’ہمارے شیر دلیر جوان‘‘، ’’نئی زندگی وطن کو ملی‘‘، ’’سر کریں گے دشمنوں کے خم، تیری قسم‘‘، ’’نگری داتا کی جگ جگ جی‘‘، ’’سیالکوٹ تو زندہ رہے گا‘‘ اور ’’ہم ہیں وطن کے پاسباں‘‘ جیسے نغمے ان کے اسی دور کی یادگار تخلیقات میں شامل ہیں۔ انہوں نے محمود شام، احسان دانش، قابل اجمیری، سیف الدین سیف، یوسف ظفر، قتیل شفائی، ناصر کاظمی، اخترشیرانی، قیوم نظر اور حبیب جالب جیسے نام ور شاعروں کے لکھے ہوئے ملی نغمے اپنی آواز میں ریکارڈ کروائے۔ ناصر کاظمی کا لکھا ہوا ’’تو ہے عزیز ملت، تو ہے نشانِ حیدر‘‘ بھی سلیم رضا کی آواز میں ریکارڈ ہوا۔
یہ ترانہ میجر عزیز بھٹی شہید کی بہادری اور قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے لکھا گیا تھا۔ میجر عزیز بھٹی کو بعد ازآں نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔ سلیم رضا کے مطابق جنگ کے ابتدائی دنوں میں ہی ریڈیو پاکستان پر اتنے زیادہ نئے ترانے ریکارڈ ہونے لگے کہ بھارتی ریڈیو آکاش وانی نے بھی اس صورتِ حال پر تبصرہ کیا۔ اس نے اپنے نشریاتی تجزیے میں حیرت کا اظہار کیا کہ اتنے مختصر عرصے میں اتنی بڑی تعداد میں نئے ملی نغمے کیسے تیار ہوگئے۔ سلیم رضا کے لیے یہ ایک بڑے اعزاز کی بات تھی کہ ان کی آواز جنگ کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں سنی جا رہی تھی۔ وہ صبح سویرے اسٹوڈیو پہنچتے اور شام تک ریکارڈنگ اور ریہرسل میں مصروف رہتے۔ کبھی سائرن بجتے تو اسٹوڈیو کے لوگ حفاظتی خندقوں میں چلے جاتے، لیکن حالات معمول پر آتے ہی دوبارہ کام شروع ہوجاتا۔ ایک مرتبہ واہگہ کے محاذ پر موجود فوجی جوانوں نے فن کاروں کو اپنے درمیان آنے کی دعوت دی۔ سلیم رضا کے ساتھ منیرحسین، عبدالشکور، سائیں اختر، نذیر بیگم اور شاہ جہاں بیگم بھی موجود تھے۔
فوجی جوان ان سے اپنی پسند کے ترانے سنانے کی فرمائش کرتے۔ جب سلیم رضا نے ’’ہمارے شیر دلیر جوان‘‘ گانا شروع کیا تو وہ جذبات سے مغلوب ہوگئے۔ ان کے ہاتھ میں گلاب کی پتیاں تھیں۔ وہ اسٹیج سے نیچے اترے اور فوجی جوانوں کے درمیان جا کر ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرنے لگے۔ یہ منظر ایک فن کار اور اپنے محافظوں کے درمیان محبت اور احترام کے اس رشتے کی عکاسی کرتا ہے جسے الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔
بدلتا ہوا زمانہ اور ایک فن کار کی خاموشی: جنگِ ستمبر کے بعد بھی سلیم رضا کا فلمی سفر جاری رہا، لیکن 1960 کی دہائی کے وسط تک پاکستانی فلمی موسیقی کے رجحانات تبدیل ہونے لگے۔ نئی نسل کے گلوکار سامنے آنے لگے۔ احمد رشدی کی متحرک آواز اور بعد ازآں مسعود رانا جیسے فن کاروں نے فلمی موسیقی کو ایک نیا رنگ دیا۔ فلمی صنعت میں جدید دھنوں، تیزرفتار موسیقی اور بدلتے ہوئے ذوق کی مانگ بڑھنے لگی۔ سلیم رضا کی گائیکی کلاسیکی اور نیم کلاسیکی روایت سے جڑی ہوئی تھی۔ اُن کی آواز غزل، دِردبھرے گیتوں اور رومانوی دھنوں کے لیے زیادہ موزوں سمجھی جاتی تھی۔ وقت کے ساتھ انہیں فلموں میں گانے کے مواقع کم ملنے لگے۔ ایک ایسا فن کار جو کبھی پاکستانی فلمی موسیقی کے نمایاں مرد گلوکاروں میں شمار ہوتا تھا، اب بدلتی ہوئی صنعت میں اپنے لیے جگہ تلاش کرنے پر مجبور تھا۔
یہ تبدیلی اور رویے اُن کے لیے آسان نہیں تھے۔ وہ موسیقی سے گہری وابستگی رکھتے تھے اور اُن کی شخصیت میں ایک خاص حساسیت اور روحانیت موجود تھی۔ بدلتے ہوئے تجارتی تقاضوں کے ساتھ خود کو ہم آہنگ کرنا ان کے لیے مشکل ثابت ہوا۔ بالآخر 1970 کی دہائی کے ابتدائی برسوں میں انہوں نے کینیڈا منتقل ہونے کا فیصلہ کیا۔ یہ ہجرت محض ایک ملک سے دوسرے ملک جانے کا سفر نہیں تھا بلکہ اس شہر اور اس ماحول سے دُوری بھی تھی، جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے اہم ترین سال گزارے تھے۔
کینیڈا میں زندگی اور آخری سفر: کینیڈا پہنچنے کے بعد سلیم رضا نے ایک نسبتاً خاموش زندگی اختیار کی۔ انہوں نے موسیقی کی تعلیم دینے کا سلسلہ جاری رکھا اور نوجوان طلبہ کو اپنے فن اور تجربات سے روشناس کرواتے رہے۔ لاہور کے اسٹوڈیوز، فلمی دُنیا کی رونقیں، ریڈیو کی مصروفیات اور مداحوں کی محبتیں اب ماضی کا حصہ بن چکی تھیں۔ تاہم موسیقی سے اُن کا تعلق برقرار رہا۔ اُن کے بعد کے برسوں کے حوالے سے دست یاب معلومات کے مطابق وہ ایک سادہ مزاج، منکسرالمزاج اور مذہبی رجحان رکھنے والے انسان تھے۔
بدلتے ہوئے زمانے اور اپنے فنی سفر میں آنے والی مشکلات کے باوجود ان کے اندر تلخی یا نفرت نمایاں نہیں تھی۔ اُن کی صحت 1970 کی دہائی کے آخری برسوں میں خراب ہونے لگی۔ بالآخر 25 نومبر 1983کو کینیڈا کے شہر وینکوور میں ان کا انتقال ہوگیا۔ یہ ایک افسوس ناک حقیقت ہے کہ جس فن کار کی آواز کبھی پاکستان کے ریڈیو اسٹیشنوں اور سنیما گھروں میں گونجتی تھی، اس کی وفات کو اس وقت پاکستانی ذرائع ابلاغ میں وہ توجہ نہ مل سکی جس کا وہ مستحق تھا۔ وہ اپنے وطن سے ہزاروں میل دُور دُنیا سے رخصت ہوگئے، لیکن اُن کی آواز پاکستان کی اجتماعی یادداشت میں محفوظ رہی۔
ایک آواز جو آج بھی زندہ ہے: آج جب ہم پاکستان کی فلمی موسیقی کے سنہری دُور کو یاد کرتے ہیں تو سلیم رضا کا ذکر ناگزیر ہوجاتا ہے۔ اُن کے گیت آج بھی ریڈیو، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور یوٹیوب کے ذریعے نئی نسل تک پہنچ رہے ہیں۔ پرانے سامعین کے لیے اُن کی آواز ماضی کی یادوں کا خزانہ ہے، جبکہ نوجوان نسل کے لیے یہ پاکستانی موسیقی کے ایک خوب صورت دُور سے تعارف کا ذریعہ ہے۔ اُن کی گائیکی کی اصل طاقت اس کی سادگی اور خلوص تھا۔ انہوں نے اپنی آواز سے جذبات کا اظہار کرنے کے لیے شور یا غیرمعمولی انداز اختیار نہیں کیا بلکہ الفاظ اور دُھنوں کو اپنے اندر جذب کرکے سامعین تک پہنچایا۔
اُن کی زندگی میں کام یابی بھی تھی، شہرت بھی، ذاتی صدمے بھی، بدلتے ہوئے حالات بھی اور وطن سے دُوری کا دُکھ بھی۔ لیکن ان تمام مراحل کے باوجود موسیقی اُن کی شخصیت کا بنیادی حوالہ بنی رہی۔ سلیم رضا کو صرف ایک فلمی گلوکار کے طور پر یاد کرنا ان کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔ وہ جنگِ ستمبر کے ان گم نام ہیروز میں سے ایک تھے جنہوں نے بندوق اٹھائے بغیر اپنے حصے کی جنگ لڑی۔ اُن کا ہتھیار اُن کی آواز تھی۔ یہی کسی فن کار کی اصل کام یابی ہے کہ وہ اپنی زندگی میں جو کچھ تخلیق کرتا ہے، وہ اس کے بعد بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ رہتا ہے۔ سلیم رضا کی آواز بلند نہیں تھی، مگر اس میں روشنی تھی۔ وہ توجہ حاصل کرنے کے لیے نہیں گاتے تھے بلکہ دلوں کو چھونے کا ہنر جانتے تھے۔ ایک فن کار نے اپنے گیتوں کو ہتھیار بنایا اور ثابت کیا کہ وطن سے محبت کا اظہار صرف میدانِ جنگ میں نہیں بلکہ فن، قلم، آواز اور کردار کے ذریعے بھی کیا جاسکتا ہے۔