کچھ دن پہلے ملتان سے عبدالرؤف شجرا عرف چاچائے وسیب کی کال آئی کہ اگلے ویک اینڈ کیا کر رہے ہیں؟
میں نے کہا کوئی مصروفیت نہیں تو بولے آپ ہمارے ساتھ میانوالی چلیں جہاں انڈس ریور ریزارٹ پر میانوالی بائیکرز کی طرف سے ایک کیمپنگ گالا کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
کار میں ہم تین لوگ ہیں اور چوتھا آپ کو لے کر جانا ہے۔ اب ایسی آفر کو کون منع کرتا ہے میں نے چھٹی کی عرضی قبول ہونے پر فوراً ہاں کر دی اور جمعہ کی شام ملتان جا پہنچا جہاں ہیریٹیج لائبریری کیفے پر ملتان کے دوست منتظر تھے۔ گپ شپ کے بعد پلان کو فائنل کیا اور سب گھروں کو چل دیے۔
31 اکتوبر بروز ہفتہ صبح آٹھ بجے ملتان سے ہمارا سفر شروع ہوا جس میں ہمارے دوست حسین کامران میتلا، ملک عرفان حیدر انصاری، عبد الرؤف شجرا اور ناچیز شامل تھے۔
ہمارا روٹ ملتان سے براستہ چوک سرور شہید، چوک اعظم، فتح پور، دُلے والا، خانسر، میانوالی، داؤد خیل تھا جب کہ راستے میں چشمہ و کافرکوٹ بھی دیکھنا تھا۔
ہنستے، گاتے اور چلتے چلاتے ہم دوپہر کو چشمہ جا پہنچے جہاں میں 2018 میں پہلے جا چکا تھا۔
چشمہ جھیل
ہمارا پہلا اسٹاپ چشمہ جھیل تھی جو میانوالی ضلع کے جنوب مغرب میں دریائے سندھ پہ چشمہ کے مقام پر واقع ہے۔ چشمہ ایک حساس اور اہم علاقہ ہے کیوںکہ یہاں بیراج کے علاوہ چشمہ پاور پلانٹ اور واقع ہے۔
چشمہ کے مقام پر بیراج کی تعمیر 1970 میں مکمل ہوئی جس کا بنیادی مقصد پانی کو ذخیرہ کرنا اور نہروں کے ذریعے زرعی زمینوں تک پہنچانا تھا۔ اس کے دائیں کنارے سے چشمہ رائیٹ بینک کینال نکل کے ضلع ڈٰیرہ اسمٰعیل خان اور بائیں جانب سے چشمہ جہلم لنک کینال میانوالی و خوشاب کے اضلاع کو سیراب کرتی ہے۔
یہ بیراج سیلاب پر قابو پانے اور بجلی کی پیداوار میں بھی کردار ادا کرتا ہے جسے 1974 میں وائلڈ لائف سینکچری قرار دے دیا گیا تھا۔
چشمہ جھیل کا بڑا حصہ میانوالی میں واقع ہے اور پھر دریائے سندھ پر بنے پُل پر ہی پنجاب و خیبر کا بارڈر گزرتا ہے۔ پُل کا کچھ حصہ پنجاب جبکہ بقیہ خیبر پختونخواہ میں واقع ہے۔
ہم نے جیسے ہی یہ بارڈر کراس کیا ایسا لگا ہم کسی اور دنیا میں آ گئے ہیں۔ مانا کہ پنجاب بھی کوئی بہت زیادہ ترقی یافتہ نہیں ہے مگر خیبر کی حالت دیکھ کر تو دل بہت دکھی ہوا۔ جگہ جگہ گندگی اور ٹوٹی سڑکیں۔
چشمہ کراس کر کے ہم دوسری جانب کی سڑک پہ ہو لیے جہاں سے ایک پتھریلا راستہ ہماری منزل کافر کوٹ شمالی کی جانب جا رہا تھا۔
کافرکوٹ کے مندر
کافرکوٹ کا علاقہ موجودہ ضلع پہاڑ پور (جو حال ہی میں ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان کو کاٹ کے بنایا گیا ہے) کے شمال مشرقی سِرے پر چشمہ جھیل کے کنارے واقع ہے جو تل کوٹ اور بل کوٹ کا مجموعہ ہے۔
ہم جس علاقہ میں گئے وہ بنیادی طور پر کافر کوٹ شمالی (تل کوت یا تلوٹ) تھا جہاں اس وقت ایک قلعے، چار منادر اور ایک اسٹوپا کے آثار واقع ہیں جب کہ کافر کوٹ جنوبی بلوٹ شریف کے پاس واقع ہے۔
دریائے سندھ اور کُرم کے سنگم کے قریب واقع یہ سارا علاقہ ہمیشہ سے حملہ آوروں اور قبضہ گیروں کا پسندیدہ رہا ہے کہ یہاں دریا کے ساتھ سفر کرنا آسان ہوتا تھا۔ تل کوٹ اسی علاقے کی ایک اہم چوکی ہوا کرتی تھی۔
یہاں تل کوٹ کے شمال میں ایک اور اہم جگہ ہے جسے کُنڈل کہتے ہیں، تاریخ دانوں کا ماننا ہے کہ اسی جگہ رگ وید کے چھ ہزار اشلوک لکھے گئے تھے۔
اس علاقے میں صدیوں پہلے راجا بل حکومت کرتا تھا جس کا پایۂ تخت بلوٹ (یا بل کوٹ) تھا۔ بَل کا چھوٹا بھائی تَل، تَلوٹ (تل کوٹ) نامی شہر کا بانی تھا جب کہ تیسرے بھائی اکلوٹ نے اکرہ شہر کی بنیاد رکھی جو پھر غزنوی کے ہاتھوں تباہ ہوا۔
جب کہ کافر کوٹ نام کی وجہ تسمیہ یہ ہے کہ کوہِ خیسور و نمک کا بیشتر علاقہ ہندو دھرم کا ماننے والا تھا سو یہاں مندر و سمادھیوں کی بہتات تھی۔ غزنوی کے ساتھ آنے والے مسلمان حملہ آور فاتحین نے اسی وجہ سے اسے کافروں کا علاقہ یا کافر کوٹ کا نام دے دیا جب کہ ہندو اسے راجہ بل کا قلعہ کہتے تھے۔
کسی زمانے میں دریائے سندھ کافرکوٹ کے پہاڑوں کے نیچے بہتا تھا۔ ماضی میں وسط ایشیا و افغانستان کو برصغیر سے ملانے والی شاہراہ اس علاقے سے ہوکر گزرتی تھی۔ کافرکوٹ کے کھنڈرات کو نوکیلے تراشے ہوئے پتھروں اور خاردار جھاڑیوں نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ پہاڑوں کی چوٹی پر ہونے کی وجہ سے یہ آثارقدیمہ ابھی تک کافی حد تک محفوظ ہیں۔
یہ شہر 62 ایکڑ میں بسایا گیا تھا جس کے کچھ مندر آج بھی ایک پہاڑی پر موجود ہیں۔ یہ یقیناً قلعے کے اندر بنائے گئے ہوں گے کیوںکہ پرانے قلعے کی فصیل ان کے باہر آج بھی دیکھی جاسکتی ہے۔
یہ مندر کوہِ نمک کے دیگر مندروں سے مشابہت رکھتے ہیں جن میں امب شریف، کٹاس، ماڑی و ملوٹ کے مندر شامل ہیں۔ ان سب منادر کو ہندو شاہی دور کی تعمیر لکھا گیا ہے تبھی ان کا بنیادی طرزِتعمیر ایک جیسا ہے۔ جنرل کننگھم نے بھی انہیں کوہِ نمک کے منادر کا ہم عصر لکھا ہے۔
ان مندروں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انہیں راجابل نے تعمیر کروایا تھا۔ سلطان محمود غزنوی نے اپنے دسویں حملے میں راجہ نند پال کو شکست دی تھی سو قیاس ہے کہ کافر کوٹ کا قلعہ اور مندر بھی سلطان محمود غزنوی کے ہاتھوں برباد ہوئے۔
مجھے یہاں چار مندر نظر آئے۔ دو ایک ساتھ تھے یعنی بڑا اور چھوٹا مندر، پھر ایک ٹوٹا ہوا اسٹوپا تھا جس کے سامنے اونچائی پر ایک اور مندر تھا۔
اس سے آگے اوٹ میں ایک چبوترے پر سب سے بڑا مندر ہے جس کے سامنے ٹوٹی ہوئی عمارت کے کھنڈرات تھے۔ ہو سکتا ہے یہ بھی مندر ہو لیکن اس حالت میں دیکھ کے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
سب مندروں کا ایک جیسا ڈیزائن ہے بس محرابی دروازوں اور پہلو میں بنے پتھر کے چوکھٹوں کا سائز مختلف ہے۔
ارد گرد جگہ جگہ پتھر بکھرے ہوئے ہیں اور ایک عجیب سی وحشت و سناٹا یہاں محسوس کیا جا سکتا ہے۔
تل کوٹ کے اس مقام سے 38 کلومیٹر جنوب میں بل کوٹ ہے جسے راجہ بَل نے بسایا تھا۔ یہاں کافرکوٹ شمالی کی نسبت زیادہ مندر موجود ہیں جب کہ اس قلعے کے ساتھ ایک تالاب کے آثار بھی موجود ہیں۔
کافر کوٹ پر غروبِ آفتاب دیکھنا چاہتا تھا لیکن ایونٹ پہ بھی جلد پہنچنا تھا سو یہ خواہش دل میں دبائے ہم اگلی منزل کو چل دیے۔
انڈس ریور ریزارٹ، داؤد خیل
گھوم پھر کے جب ہم تھکے ہارے ٹی ڈی سی پی کے انڈس ریور ریزارٹ پکی مردان شاہ، میانوالی پہنچے تو شام ڈھلنے کو تھی۔
میانوالی کیمپنگ گالا اپنی آب و تاب سے شروع ہونے کو تھا۔ لان میں جگہ جگہ رنگ برنگے خیمے لگ چکے تھے جبکہ دور دراز سے آئے بائیکرز کی بائیکس بھی ایک قطار میں پارک تھیں۔ سامنے جناح بیراج کی روشنیاں دریائے سندھ کے پانی میں جھل مل کر رہی تھیں۔ یہ ایک یادگار منظر تھا۔
ہم نے بھی اپنے خیمے القائم رائیڈرز کے ساتھ جا لگائے جو قائم والا ضلع ڈیرہ غازی خان کا ایک مشہور بائیکرز گروپ ہے۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ایک ہی خاندان کے کئی افراد شامل ہیں۔ یہ کہیں بیٹھ بھی جائیں تو میلہ لگا دیتے ہیں۔
خیر رات کو ایونٹ ہوا اور خوب ہوا۔ اگلے دن صبح اٹھے اور تیاری کے بعد ناشتہ کر کے نکل کھڑے ہوئے۔ انتظامیہ کی طرف سے ناشتے میں کالاباغ کا حلوہ بھی پیش کیا گیا تھا۔
یہاں سے نکل کے ہم نے گاڑی موڑی اور سیدھا کالاباغ پْل پہ بریک لگائی۔
کالاباغ، نمک اور سندھو سائیں
میانوالی کے شمالی کونے میں دریائے سندھ کے غربی جانب بسا کالا باغ میرا پسندیدہ شہر ہے جہاں دھاڑتا ہوا پہاڑوں سے آتا اباسین، میلوں تک پھیل کر یک دم خاموش ہو جاتا ہے۔ اِسے دیکھنے کے لیے تو پانچ دن بھی کم ہیں۔ نجانے کیوں لیکن اس شہر کی ہوا میں مجھے بغاوت ، محبت اور پُراسراریت محسوس ہوتی ہے جو مجھے اور زیادہ اس کی جانب کھینچتی ہے۔
الفنسٹن کے بھی کچھ ایسے ہی خیالات تھے۔ 1809 میں پشاور کی طرف جاتے ہوئے الفنسٹن نے کالا باغ کو ایک غیر معمولی اور مسحور کن مقام پایا جہاں مکان ظاہری طور پہ خون کی طرح سُرخ چٹانوں پر ایک دوسرے کے اوپر بنائے گئے تھے۔ کالاباغ پُل سے ان گھروں کا بہترین نظارہ کیا جا سکتا ہے جبکہ دوسری جانب پنجاب کے وسیع میدان اور چاندی جیسا دریا زردی مائل چمکتے اُفق تک پھیلا نظرآتا ہے۔ کرومیم، جپسم اور کوئلے جیسی معدنیات کے کچھ ذخائر یہاں اور آس پاس موجود ہیں لیکن سب سے اہم معدنیات نمک کی چٹانیں ہیں۔
اسی کالا باغ کے قرب و جوار میں ایک دنیا آباد ہے۔ یہاں جناح بیراج ہے، ماڑی انڈس ہے، چاپڑی ڈیم ہے، شکر درہ کو جاتی سڑک ہے، قدیم مندر اور نمک کی کانیں ہیں لیکن ان میں سب سے زیادہ ممتاز کھڑا ہے وہ پْل جس نے سندھ جیسے دریا کو تسخیر کیا ہے اور دونوں کناروں کو جوڑ دیا ہے۔
کالاباغ کے پُل کے ساتھ ایک ریلوے کی ایک چوکی آج بھی موجود ہے۔
چونکہ کالاباغ نمک کی اہم منڈی تھی سو یہاں مشرق میں دریائی نالے کے ساتھ ساتھ تین سالٹ چوکیاں وقفے وقفے سے قائم کی گئی تھیں اور اس نالے کی دوسری جانب شہر کی نمک منڈی تھی۔ نمک کی ایک چوکی ماڑی انڈس میں تھی۔
کالاباغ پنک سالٹ کا بھی ایک مرکز رہا ہے۔ 1913-14 کی جیالوجیکل سروے رپورٹ میں لکھا ہے کہ انگریز دور میں پورے ہندوستان کی پھٹکڑی کالاباغ سے جاتی تھی۔
کالا باغ ریلوے پُل
یہ پُل کالاباغ کی نشانی اور اس کا فخر ہے۔
جب خیبر پختونخواہ کے جنوبی اضلاع ٹانک اور بنوں کو ریلوے لائن کے ذریعے پنجاب اور دیگر علاقوں سے منسلک کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تو کالاباغ کے مقام پر ایک پُل کی ضرورت محسوس کی گئی جس پر سے ریل گزاری جا سکے۔
نارتھ ویسٹ ریلوے کے افسر ڈبلیو-ڈی کروکشینک کی 1929 میں مرتب شدہ رپورٹ میں لکھا ہے کہ؛
اس پُل کے لیے 1888 سے سروے شروع کردیے گئے، جب کہ 1919 سے 1924 تک تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے۔ آخر کار 1927 میں اس منصوبے کی منظوری دے کر کام شروع کردیا گیا۔ یہ پل صرف ریل کے گزرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا جس پر پیدل چلنے والوں کے لیے کوئی انتظام نہ تھا۔ اِس نے سندھ کے مشرق میں چوڑے گیج کی لائن کو مغرب میں واقع 2 فٹ 6 انچ کی تنگ لائن سے منسلک کرنا تھا۔ پل کا بنیادی مقصد ریل کو لاہور سے آگے بنوں اور کوہاٹ سے لے کر وزیرستان تک پہنچانا تھا تاکہ برطانوی افواج کو رسد مہیا کی جا سکے۔
مگر ہماری بدقسمتی کہ 1990 میں ریل کے نظام پر اسی پل کے مقام پر ’’پُل اسٹاپ‘‘ لگا دیا گیا یعنی ماڑی اسٹیشن جو عین اس پل کے مشرقی حصے پر واقع ہے وہاں تک ریل کا سفر محدود ہوگیا۔
اس پل کو ٹھیک اس جگہ بنایا گیا ہے جہاں سے دریائے سندھ پہاڑیوں سے نکل کر میدانی علاقے میں داخل ہوتا ہے۔ 1929 کے سیلاب کے بعد پل کا ڈیزائن بدلا گیا اور اسے ماڑی انڈس کی طرف سے خشکی پر اور لمبا کر دیا گیا۔
جو ٹریک ماڑی سے بنوں تک بچھایا گیا تھا اس کی چوڑائی صرف اڑھائی فٹ (نیرو گیج) تھی اور اس پل کی تعمیر بھی ٹریک کے مطابق ہی کی گئی تھی۔ 1995 تک یہاں سے مسافر ٹرین بنوں تک جاتی رہی جسے بعد ازاں مستقل طور پر بند کردیا گیا۔
تقریباً ایک صدی پرانا یہ پل آج پاکستان کا سب سے قدیم پل مانا جاتا ہے، جس پر کھڑے ہو کر آپ بیک وقت کالاباغ، بوہڑ بنگلہ، ماڑی انڈس اور جناح بیراج کا نظارہ کرسکتے ہیں۔ یقیناً یہ پل کسی شاہکار سے کم نہیں۔
اگلا نمبر بوہڑ بنگلہ کا تھا جسے دیکھنے کے لیے ہمیں کچھ پاپڑ بیلنے پڑے کہ وہاں ڈرامے کی شوٹنگ کے لیے یونٹ قیام پذیر تھا۔ لیکن ہماری کوشش رنگ لائی اور ہمیں یہ بنگلہ دکھا دیا گیا۔
بوہڑ بنگلہ
سفیدی سے نہایا بوہڑ بنگلہ، سندھو کنارے واقع کالا باغ کا تاج محل لگتا ہے جسے دیکھنے دور دور سے سیاح آتے ہیں لیکن اکثر ناکام لوٹ جاتے ہیں۔
یہ بنگلہ نواب آف کالا باغ نے 1934 میں تعمیر کروایا تھا جو یہاں موجود لگ بھگ چار سو سال قدیم بوہڑ کے درخت کی وجہ سے بوہڑ بنگلہ کہلاتا ہے۔
نواب آف کالاباغ ملک وحید خان کا کہنا ہے کہ؛
’’اس تاریخی بوہڑ بنگلے میں دنیا بھر کے سربراہان مملکت، عرب شہزادے اور دیگر نام ور شخصیات قیام کرچکی ہیں جن میں قائداعظم محمد علی جناح، ملکہ الزبتھ، شاہ ایران، صدر ایوب خان، ذوالفقار علی بھٹو، شاہ حسین، شاہ فیصل، سابق صدر جنرل پرویزمشرف، بینظیر بھٹو، عمران خان اور دیگر کئی سیاسی شخصیات شامل ہیں۔‘‘
نواب ملک وحید خان نے مزید بتایا،’’ہماری رہائش دوسرے بنگلوں میں ہوتی ہے۔ یہ بنگلہ ہمارا مہمان خانہ ہے۔ بوہڑ بنگلہ کالاباغ میں صرف سربراہان مملکت، عرب شہزادوں اور دیگر وی آئی پی شخصیات کو ٹھہرنے کی اجازت ہوتی تھی یا پھر نواب صاحبان کے قریبی رفقا اس بنگلے میں قیام کر سکتے تھے لیکن اب عام و خاص اسے دیکھ سکتے ہیں۔‘‘
بوہڑ بنگلہ کیا ہے؟ سرسبز لانون اور گھنے درختوں سے گھرا دریا کنارے ایک خوب صورت سفید مکان جہاں ماضی کا آسیب اپنا پھن پھیلائے ہوئے ہے۔
ایک طرف دریائے سندھ کا ٹکراتا ہوا پانی تو دوسری جانب قدیم گھنا بوہڑ کا درخت، بوہڑ بنگلہ واقعی دیکھنے والوں کو مبہوت کردینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
بوہڑ بنگلے کی دوسری جانب ہی نواب آف کالاباغ کی رہائش گاہ، اصطبل اور مہمان خانہ واقع ہے جو میں نے اپنے 2018 کے سفر میں دیکھا تھا۔
یہ مہمان خانہ ایک استقبالی کمرے، ایک ہال، ڈائننگ روم اور ایک برآمدے پر مشتمل ہے جس کے ساتھ کھلا صحن واقع ہے۔ اس عمارت کو بھورے پہاڑی پتھر سے بنایا گیا ہے۔ یہاں سے کالاباغ کی پہاڑیوں کا دل کش نظارہ کیا جا سکتا ہے۔ اس مہمان خانے میں نواب صاحب کی چند قیمتی تصاویر، دستاویزات اور غیرملکی سربراہوں کی طرف سے دیئے جانے والے تحائف بھی رکھے گئے ہیں، جب کہ کھانے کے کمرے میں برطانوی طرز کے برتن اور دیگر اشیاء موجود ہیں۔
جب ہم گئے تو کسی فلم یا ڈرامے کا یونٹ شوٹنگ کی غرض سے یہاں قیام پذیر تھا لیکن ہم نے بھی کسی طرح ’’جُگاڑ‘‘ کرکے بوہڑ بنگلہ دیکھ لیا۔ اس کے بعد ہم کالاباغ سے نکلے اور ماڑی انڈس کے اسٹیشن کی طرف چل دیے۔
ماڑی انڈس ریلوے اسٹیشن
میانوالی کے بالکل شمالی کونے میں واقع اس اسٹیشن کی کئی اہم خصوصیات ہیں، جیسے یہ پہاڑوں میں گھرا ایک خوبصورت اسٹیشن ہے جو دریا کنارے واقع ہے۔ دوسرا یہ براڈ گیج و نیرو گیج کا سنگم تھا جہاں سے دونوں قسم کی ٹرینیں چلتی تھیں۔ ایک پنجاب کو جب کہ دوسری پختون علاقوں کو۔
1891 میں بنایا گیا یہ اسٹیشن آج ایک سو پینتیس سال قدیم ہے لیکن پھر بھی جاذبِ نظر ہے۔
یہاں چوڑی اور تنگ پٹریوں کا ملاپ ہوتا ہے۔ اس کے ایک جانب چوڑے گیج والی پٹری ہے جو اسے لاہور سے ملاتی ہے جب کہ دوسری جانب تنگ پٹڑی ہے جو ماڑی کو کالاباغ، کمرمشانی، عیسیٰ خیل، لکی مروت اور آگے بنوں اور پھر ٹانک سے ملاتی ہے اور اب بند کر دی گئی ہے۔ اس کی تاریخ انتہائی دلچسپ اور سبق آموز ہے۔
قصہ یوں ہے کے تاجِ برطانیہ نے ماڑی انڈس کے مقام پر اپنی فوج کے لیے ایک اسلحہ ڈپو قائم کیا تھا۔ یہ ڈپو ان افواج کو اسلحہ فراہم کرتا تھا جو دریائے سندھ کے پار مغربی علاقوں جیسے بنوں، ٹانک، کوہاٹ اور وزیرستان میں تعینات تھے۔ یہ ڈپو آج بھی اسٹیشن کے ساتھ قائم ہے۔ ماڑی انڈس تک اسلحہ مرکزی چوڑی پٹری کے ذریعے لایا جاتا تھا لیکن اس کے پار مغرب میں اس قسم کا نظام بنانا آسان نہ تھا سو یہاں 2 فٹ 6 انچ کی تنگ پٹری بچھائی گئی جو ماڑی تا بنوں جاتی تھی۔ آگے بنوں کو ٹانک سے برانچ لائن کے ذریعے جوڑا گیا۔ یوں ریلوے کا ایک سستا اور چھوٹا نظام وجود میں آ گیا جو برطانوی فوجوں کی سرحد تک نقل و حمل کو آسان بنانے میں مددگار ثابت ہوا۔
یہ ٹرینیں ملٹری کے ساتھ ساتھ سول مقاصد کے لیے بھی استعمال ہونا شروع ہوئیں اور لوگوں نے ان کے ذریعے سفر کرنا شروع کیا، لیکن ان کی رفتار اتنی سست ہوتی تھی کہ لوگ ان سے اتر کر آرام سے کھانے پینے کا سامان لے کر دوبارہ سوار ہوجاتے تھے۔ مقامی لوگوں میں یہ ’’چھوٹی ریل‘‘ کے نام سے مشہور تھی جسے 1913 میں نارتھ ویسٹرن ریلوے نے بچھایا تھا جب کہ 1916 میں اسے ٹانک جنکشن تک لے جایا گیا۔ پاکستان کی اس برانچ ریلوے لائن کی لمبائی اندازاً 122 کلومیٹر تھی جسے ماڑی انڈس ریلوے لائن بھی کہا جاتا تھا۔ افسوس کہ اس ٹریک کو 1995 میں بند کردیا گیا۔
کالاباغ کے لوگ خصوصی طور پر اپنے چھوٹے چھوٹے بچوں کو گود میں اٹھائے ٹرین گزرنے کا نظارہ کراتے۔ یہاں کے لوگوں کے مطابق نواب امیر محمد خان اور ملکہ الزبتھ نے اس ٹرین پر ایک یادگار سفر کیا تھا۔
آج اس کے بند ہوجانے کے بعد کالاباغ، عیسیٰ خیل، لکی مروت، بنوں اور ٹانک کے اسٹیشن اْجاڑ ویرانوں کا منظر پیش کرتے ہیں جہاں زنگ لگی ہوئی پٹریوں کے علاوہ کچھ باقی نہیں۔
یہاں کا کیرج اینڈ ویگن ڈپو بھی دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے جہاں پرانے دور کی بہت سی یادیں موجود ہیں۔ یہاں ایک بورڈ پر اسٹیشن کے نقشے کے علاوہ اس کی درخشاں تاریخ بھی لکھی ہے جس کے مطابق ماڑی انڈس تا ٹانک سیکشن 15 جون 1991 کو بند ہوا تھا جب کہ ماڑی تا بنوں سیکشن یکم جولائی 1991 کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا تھا۔ وہاں دفتر میں موجود اعجاز صاحب نے بتایا کہ یہ سب ہمارے ایک سابقہ فِٹر محمد حسین آزاد نے لکھا تھا کہ ان کو ان چیزوں کا شوق تھا۔ شکریہ محمد حسین آزاد صاحب کہ آپ نے ریلوے کے ماضی کو کسی نا کسی طرح زندہ رکھنے کی کوشش کی۔
اسی طرح یہاں ایک پرانے بورڈ پہ یہاں کام کرنے والے تمام افسروں کے نام لکھے ہوئے دیکھے جن میں پہلا نام انگریز افسر مسٹر گارڈنر کا تھا جو یہاں 1947 سے 13 جنوری 1948 تک تعینات رہے۔ یہ تاریخی بورڈ بھی کسی فلم کی طرح ہمیں ماضی میں لے جاتے ہیں۔
خیر ماڑی سے ہم نکلے اور اپنی اگلی منزل پائی خیل اسٹیشن جا پہنچے۔
پائی خیل ریلوے اسٹیشن
لکی مروت سے نقل مکانی کرکے آنے والے پائی خیل نیازیوں نے اس علاقے کی بنیاد رکھی جہاں آج دیگر اقوام بھی آباد ہیں۔ اس قبیلے کے جدِامجد پائی خان نیازی تھے جن کے تین بھائی تھے۔
پورے میانوالی پائی خیل کا اسٹیشن کوٹری اٹک مین لائن پر واقع منفرد ترین استیشن ہے جسے قلعہ نما بنایا گیا ہے۔
1890 میں تعمیر کیا جانے والا یہ اس خطے کا سب سے پہلا ریلوے اسٹیشن تھا۔ چوںکہ یہ علاقہ (داؤد خیل، میانوالی) افغانستان و وزیرستان سے آنے والے حملہ آور اور لٹیروں کے حملوں کا شکار رہتا تھا سو اسی حساسیت کے پیشِ نظر اس کی عمارت قلعہ نما بنائی گئی تاکہ بوقتِ ضرورت اسے فوجی چوکی کے طور پہ استعمال میں لایا جاسکے۔
اس کی موٹی اور مضبوط دیواریں، محدود داخلی راستے، قلعہ نما بلند مینار اور لوہے کے مضبوط دروازے و کھڑکیاں اسے ایک قلعہ نما شکل دیتی ہیں تبھی مقامی لوگ اسے ’’قلعہ‘‘ سے تشبیہ دیتے ہیں۔ اگرچہ تاریخی ریکارڈ میں یہ واضح طور پر ثابت نہیں کہ یہ باقاعدہ قلعہ تھا، تاہم اس کی بناوٹ اس امکان کو ضرور ظاہر کرتی ہے کہ اسے ہنگامی حالات میں دفاعی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
پائی خیل اسٹیشن شہر سے تقریباً ایک کلومیٹر دور ہے اور یہ پائی خیل و موچھ کا مشترکہ ریلوے اسٹیشن ہے۔
اسٹیشن کے دونوں گیٹ لوہے کی موٹی اور وزنی مضبوط چادروں سے بنے ہوئے ہیں جن کے ساتھ ایک چرخی اور چین کی مدد سے ٹھوس لوہے کے خاص وزن لٹکے ہوئے ہیں۔ ان اوزان کو دیوار سے بندھی چین سے کھول کر اوپر کرنے پر دروازے بند ہوجاتے ہیں۔ اسٹیشن کے ہال میں لکڑی کی سیڑھی ہے جو آپ کو ہشت پہلو مینار تک لے جائے گی جہاں اوپر تلے سات کھڑکیاں بنی ہیں اور آٹھویں جانب دروازہ ہے۔ ان کھڑکیوں پر آہنی چادریں لگی ہیں۔
ہال کے ایک جانب اسٹیشن ماسٹر کا کمرا ہے جہاں پرانا سامان آج بھی اچھی حالت میں موجود ہے اور دوسری جان دروازے کے باہر ایک صحن اور چند بوسیدہ کمرے ہیں جن کی محرابیں اور کھڑکیاں ان کی قدامت کی گواہی دے رہی ہیں۔
یہیں ایک کمرے میں اسٹیشن ماسٹر جناب ضیاء الحق صاحب نے ہمیں وہ لوہے کا بھاری بھرکم صندوق دکھایا جس میں پیسہ اور سونا بھر کے ٹرین کے ذریعے یہاں لایا جاتا تھا۔ گرد سے اٹے اس صندوق کے اوپر تاجِ برطانیہ کا شاہی نشان بنا تھا جس کے نیچے یہ الفاظ درج ہیں؛
اسی عمارت کے اوپر لوہے کے ایک پائپ پر لکھا ہے۔۔۔۔پائی خیل اسٹیشن کو اچھی طرح کھنگالنے کے بعد اسٹیشن ماسٹر صاحب کا شکریہ ادا کیا اور نہ چاہتے ہوئے بھی وہاں سے نکل پڑے۔
ہماری اگلی منزل میانوالی سے آگے واں بھچراں کا قصبہ تھا جہاں موجود تاریخی باؤلی دیکھنے کا خواب کب سے میری آنکھوں میں قید تھا۔
واں بھچراں باؤلی
واں بھچراں ضلع میانوالی کے جنوب مشرق میں سرگودھا روڈ پر واقع ایک تاریخی قصبہ ہے جس کی وجہ شہرت یہاں موجود مغل دور کی ایک باؤلی ہے۔
پنجابی زبان میں واں کا مطلب کنواں جبکہ بھچراں کا لفظ بھچر قبیلے سے لیا گیا ہے جو یہاں آکر آباد ہوا تھا۔
یہاں پہنچ کے سب سے بڑا معرکہ تو اس باؤلی کو ڈھونڈنا تھا کہ خیر سے کوئی بورڈ اس کی نشان دہی کے لیے نہیں لگایا۔ گوگل میپ ہمیں تنگ گلیوں میں لے گیا جہاں گاڑی ایک جانب کھڑٰ کی تو گھروں کے بیچ ایک احاطے میں یہ باؤلی نظر آگئی۔ لوہے کے جنگلے میں قید اس کی حالت باہر سے کچھ بہتر تھی جبکہ اندر حال پورا سورا تھا۔
تاریخی روایات اور محکمۂ آثارِقدیمہ کے ریکارڈ کے مطابق یہ باؤلی سولہویں صدی میں شیر شاہ سوری کے دور میں تعمیر ہوئی تھی۔ شیر شاہ سوری نے اپنے دور میں مسافروں کی سہولت کے لیے سڑکوں کے ساتھ پانی اور قیام کی سہولیات کا ایک وسیع نظام قائم کیا تھا۔ واں بھچراں کی باؤلی اسی تاریخی روایت کی ایک کڑی ہے۔
اس زمانے میں مسافروں، فوجی دستوں کی سہولت اور جانوروں کے لیے اہم راستوں پر کنویں، سرائیں اور پانی کے ذخائر تعمیر کروائے جاتے تھے۔ اس باؤلی کی سیڑھیاں بھی اس لیے کشادہ رکھی گئی ہیں کہ ہاتھی و گھوڑے جیسے جانور بھی نیچے اتر کے پانی پی سکیں۔
باؤلی کی سیڑھیوں کے شروع میں دو مینار بھی بنائے گئے ہیں جو قرونِ وسطی کے کوس میناروں سے ملتے جلتے ہیں۔ ان کی تعمیر کا مقصد یہ تھا کہ دور سے آنے والے قافلے مینار دیکھ کر دور سے اندازہ کر لیں کہ یہاں انسانوں اور جانوروں کے لیے پانی موجود ہے۔
یہاں موجود ایک پرانے بزرگ (جو پڑھے لکھے اور جہاں دیدہ لگتے تھے) نے ہمیں بتایا کہ بھچر قبیلہ یہاں پہلے سے آباد تھا۔ شیر شاہ نے باؤلی تعمیر کرنے کے لیے جگہ مانگی تو انہوں نے کچھ مزاحمت کی۔ پھر شیر شاہ نے انہیں ہر ایک اینٹ رکھنے کے بدلے اُس دور کے ایک روپے کی آفر کی جو انہوں نے قبول کر لی اور پھر یہ باؤلی تعمیر کی۔
اینٹوں سے تعمیر کی گئی اس باؤلی میں پانی تک پہنچنے کے لیے طویل سیڑھیاں بنائی گئی ہیں جن کا ابتدائی حصہ کھلے آسمان تلے ہے جب کہ نیچے کی سیڑھیاں گنبدوں اور محرابی چھت کے نیچے سے گزرتی ہیں۔
محکمۂ آثارِقدیمہ کے مطابق داخلی دروازے پر دو میناروں کی موجودگی اس باؤلی کی ایک غیرمعمولی خصوصیت ہے۔ باؤلی سے منسلک کنویں کا قطر تقریباً 20 فٹ ہے اور سیڑھیاں تقریباً 210 فٹ تک نیچے جاتی ہیں۔
افسوس کہ باؤلی تو پکی ہے لیکن اندر پانی میں بہت گند ڈالا گیا ہے۔ باہر بھی جگہ جگہ کچرا تھا۔
حکومت کو چاہیے کہ یہاں معلوماتی بورڈ لگانے کے ساتھ اس کی صفائی کا بھی انتظام کرے۔
واں بھچراں ریلوے اسٹیشن
باؤلی تک آ گئے تھے تو سوچا اسٹیشن بھی دیکھتے جائیں جو بالکل قریب واقع تھا۔
ایک سنسان مگر صاف ستھرا ریلوے اسٹیشن جہاں صرف میانوالی ایکسپریس گزرتی ہے۔
یہ چھوٹا سا اسٹیشن سانگلہ ہِل کندیاں برانچ لائن پر قائدآباد اور کندیاں جنکشن کے بیچ واقع ہے۔ کندیاں جنکشن کے مقام پر لاہور اور ملتان سے آنے والی لائنیں مل کر اکٹھے اٹک و پنڈی کو جاتی ہیں۔ یہاں کی اہم چیز وہ لندن کے بنے تالے ہیں جو ہم نے گوداموں اور اسٹور پر لگے ہوئے دیکھے تھے۔
یہ ہماری آخری منزل تھی جس کے بعد ہم نے میانوالی مظفرگڑھ روڈ پہ اپنی گاڑی دوڑا دی تاکہ بروقت ملتان پہنچ سکیں۔ مابدولت کو آگے اپنے گھر بھی تو جانا تھا۔