تاریخی موقع پر چیئرمین سپارکو نے چاند پر قدم رکھنے کی تاریخ کا اعلان کر دیا

ابتدائی طور پر 50 امیدواروں میں سے 19 کو چین بھیجا گیا، ڈاکٹر یوسف خان


ویب ڈیسک November 25, 2026

اسلام آباد:

پاکستان نے چاند پر انسانی مشن بھیجنے کا اعلان کردیا چیئرمین سپارکو ڈاکٹر یوسف خان نے کہا ہے کہ ان شاء اللہ 2035 میں پاکستان چاند پر قدم رکھے گا اور خلائی سفر کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

سپارکو ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپارکو ڈاکٹر یوسف خان نے کہا کہ آج پاکستان کے لیے ایک تاریخی دن ہے، گزشتہ 6 ماہ کے دوران سپارکو نے کئی سیٹلائٹس خلا میں بھیجے، لیکن آج کی کامیابی اور کیفیت مختلف ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خلائی تجربات کے انتخاب کے لیے ملک بھر کی جامعات اور تعلیمی اداروں سے رابطہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں تقریباً 300 تجربات موصول ہوئے ان میں سے 4 تجربات منتخب کیے گئے جبکہ باقی تمام تجربات بھی محفوظ ہیں۔

چیئرمین سپارکو کے مطابق خلا باز کا انتخاب آسان مرحلہ نہیں تھا امیدواروں کے انتخاب میں طبی فٹنس اور نفسیاتی دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت کو بنیادی اہمیت دی گئی۔ ابتدائی طور پر 50 امیدواروں میں سے 19 کو چین بھیجا گیا جہاں سے محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کا انتخاب عمل میں آیا۔

ڈاکٹر یوسف خان نے کہا کہ پاکستان کا خلائی سفر یہیں ختم نہیں ہوگا بلکہ ان شاء اللہ مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا اور 2035 میں پاکستان چاند پر اپنا قدم رکھے گا۔