خواتین کو تعلیم اور روزگار میں مساوی مواقع ملنے چاہئیں، حافظ نعیم الرحمٰن

خواتین اور بچیوں پر تشدد کا خاتمہ معاشرے اور حکومت کی اہم ذمہ داری ہے، امیر جماعت اسلامی


آصف محمود November 25, 2026
فوٹو فائل

لاہور:

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ خواتین کو تعلیم اور روزگار میں مساوی مواقع ملنے چاہئیں۔

خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ انسانی حقوق کا تحفظ ہے، خواتین اور بچیوں پر تشدد کا خاتمہ معاشرے کے سب طبقات باالخصوص حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ تشدد کی روک تھام کے لیے آگاہی، تعلیم اور مردوں کے مثبت کردار کی  ضرورت ہے، خواتین پر تشدد کے قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، کسی خاتون یا بچی کو تشدد کے خوف میں زندگی نہیں گزارنی چاہیے۔

امیر جماعت اسلامی  نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو قابل عزت مرتبہ دیا، آئین پاکستان خواتین کے وقار، مساوات اور قومی زندگی میں شرکت کی ضمانت دیتا ہے، آن لائن تشدد کی روک تھام کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات ضروری ہیں، خواتین کو کام کی جگہ پر ہراسگی نہیں تحفظ حاصل ہونا چائیے۔