عسکری قیادت کی پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کے آغاز پر قوم کو مبارکباد

مسلح افواج کا سپارکو کے سائنس دانوں، انجینئرز اور تکنیکی ماہرین کو خراج تحسین


ویب ڈیسک November 25, 2026

راولپنڈی:

عسکری قیادت نے پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کے آغاز پر قوم، سپارکو اور سائنسی برادری کو مبارکباد پیش کی گئی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے مسلح افواج کی جانب سے اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

مسلح افواج کی قیادت نے کہا کہ ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کا سفر پاکستان کی سائنسی اور تکنیکی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ وہ پاکستان کے پہلے خلا باز اور چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہیں۔

بیان میں سپارکو کے سائنس دانوں، انجینئرز اور تکنیکی ماہرین کی محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ ان کی مسلسل کوششوں سے یہ تاریخی قومی کامیابی ممکن ہوئی۔

مسلح افواج نے اس اہم سنگ میل کے حصول میں تعاون پر چین کی قیادت، حکومت اور عوام کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور چین کی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی دوستی اب زمین کی سرحدوں سے آگے خلا تک پہنچ گئی ہے۔

بیان کے مطابق انسانی خلائی مشن میں پاکستان کی شمولیت ملک کی افرادی قوت، سائنسی صلاحیتوں اور تکنیکی استعداد کا مظہر ہے، یہ کامیابی نئی نسل کو سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں میں آگے بڑھنے کی ترغیب دے گی۔

مسلح افواج نے قوم کے ساتھ اس تاریخی کامیابی کا جشن مناتے ہوئے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کے کامیاب مشن اور بحفاظت زمین پر واپسی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔