فلسطینی طالب علم کی گرفتاری کے خلاف یروشلم میں احتجاج، 200 سے زائد افراد عدالت پہنچ گئے

26 سالہ مہدی تونسی مقبوضہ مشرقی یروشلم کا رہائشی اور عبرانی یونیورسٹی کا طالب علم ہے


ویب ڈیسک November 25, 2026

مقبوضہ مشرقی یروشلم میں فلسطینی طالب علم مہدی تونسی کی گرفتاری کے خلاف طلبہ اور اساتذہ نے احتجاج کیا ہے۔

مظاہرین نے عدالت کے باہر جمع ہوکر طالب علم کی رہائی کا مطالبہ کیا، جسے اسرائیلی پولیس نے گزشتہ ہفتے یونیورسٹی کے ہاسٹل سے گرفتار کیا تھا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 26 سالہ مہدی تونسی مقبوضہ مشرقی یروشلم کا رہائشی اور عبرانی یونیورسٹی کا طالب علم ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق اسرائیلی پولیس نے نومبر کے اوائل میں اس کے ہاسٹل پر کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لیا تھا، جبکہ یونیورسٹی کو گرفتاری سے چند منٹ قبل اطلاع دی گئی۔

منگل کے روز مہدی تونسی کو مشرقی یروشلم کی عدالت میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا گیا، جہاں اسرائیلی حکام نے اسے انتظامی حراست میں رکھنے کی درخواست کی۔ اس کارروائی کے خلاف 200 سے زائد افراد عدالت کے باہر جمع ہوئے اور اس کی رہائی کا مطالبہ کیا۔

اسرائیلی قانون کے تحت انتظامی حراست میں فلسطینیوں کو بغیر فردِ جرم عائد کیے یا مقدمہ چلائے چھ ماہ تک قید رکھا جاسکتا ہے، جبکہ اس مدت میں دوبارہ توسیع بھی کی جاسکتی ہے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ مہدی تونسی کو فلسطینی ہونے اور اپنے سیاسی و سماجی خیالات کا اظہار کرنے کی وجہ سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اس کی رہائی کے مطالبے میں اسرائیلی حقوق کی تنظیمیں اسٹینڈنگ ٹوگیدر اور عیر عمیم بھی شامل ہیں۔

عبرانی یونیورسٹی کی طالبہ آیا خطیب نے عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ اپنے ساتھی کے ساتھ کھڑے ہیں، جسے بغیر الزامات بتائے یونیورسٹی کے ہاسٹل سے گرفتار کیا گیا۔ فلسفے کے طالب علم ایڈن سوسانا نے بھی کہا کہ وہ اور مہدی ماضی میں انتظامی حراست کے خلاف مہم چلا چکے ہیں۔

اسرائیلی انسانی حقوق کی تنظیم ہاموکید کے مطابق اکتوبر میں اسرائیل کی جیلوں میں 3,100 سے زائد فلسطینی انتظامی حراست میں تھے۔ یہ تعداد 7 اکتوبر 2023 کے واقعات سے پہلے کے مقابلے میں دو گنا سے زیادہ ہے۔