پاکستانی فضائیہ کے 40 سالہ گروپ کیپٹن محمد ذیشان علی کی چین کے تاریخی خلائی مشن ’شین ژو 24‘ میں شمولیت پر پاکستانی عوام خوشی اور فخر کا اظہار کر رہے ہیں۔
زمین کے مدار میں جانے والے پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کو چین کے انسان بردار خلائی پروگرام میں شامل ہونے والے پہلے غیر ملکی خلا باز کا اعزاز بھی حاصل ہو گا۔
اس تاریخی موقع پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ذیشان علی کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ پاک چین دوستی کو بھی سراہا جا رہا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ چین نے اپنے انسان بردار خلائی مشن میں ایک انتہائی قیمتی نشست پاکستانی خلا باز کو دے کر دوستی کا بے مثال مظاہرہ کیا ہے جس کی کوئی قیمت مقرر نہیں کی جا سکتی۔
ایک صارف نے لکھا کہ آج ہمارا ملک فخر کی دہلیز پر ہے، ہماری نیک تمنائیں اور دعائیں ذیشان علی کے ساتھ ہیں۔
ایک اور صارف نے اس کامیابی کو ’قراقرم سے کائنات تک کا سفر‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منظر ہر پاکستانی کے دل کو فخر سے بھر دیتا ہے۔
سوشل میڈیا پر ’پاکستان کی اونچی اڑان‘ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ بھی صارفین اپنے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔