لیبیا کے ساحل کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی ڈوبنے کے افسوسناک واقعے میں 35 پاکستانی نوجوان جاں بحق ہوگئے، جس پر سیاسی رہنماؤں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لیبیا میں یورپ جانے والی تارکینِ وطن کی کشتی ڈوبنے کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جس میں باجوڑ کے متعدد نوجوان بھی شامل ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق افراد میں ایم این اے باجوڑ مبارک زیب کا چچا زاد بھائی بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایم این اے باجوڑ اور وزیر اعظم کے مشیر مبارک زیب کے چچازاد بھائی کی شناخت پزیز اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔
اس حوالے سے مشیرِ گورنر خیبر پختونخوا برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے لیبیا میں تارکینِ وطن کی کشتی ڈوبنے کے افسوسناک واقعے میں باجوڑ کے نوجوانوں کی المناک اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ثمر ہارون بلور نے حادثے میں المناک موت کا شکار ہونے والے نوجوانوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس افسوسناک سانحے نے متاثرہ خاندانوں کو شدید غم اور صدمے سے دوچار کر دیا ہے، دکھ اور غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، اللہ تعالیٰ سوگوار خاندانوں کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
واضح رہے کہ کشتی حادثے کی خبریں سامنے آنے کے بعد کئی خاندانوں میں تشویش اور غم کی فضا ہے جبکہ بعض خاندانوں نے اپنے پیاروں کی غائبانہ نمازِ جنازہ گزشتہ روز ادا کر دی اور بعض کی نمازِ جنازہ آج ادا کی جائے گی۔
کشتی میں سوار باجوڑ کے نوجوانوں کی تعداد تاحال معلوم نہیں تاہم سوشل میڈیا پر حادثے میں متاثر ہونے والے نوجوانوں کی تصاویر بھی زیر گردشِ ہیں۔ متاثرہ خاندان نے تصدیق کی کہ کچھ خاندانوں کو جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی اطلاع ایجنٹ نے دی۔
حادثے کے بعد کئی گھروں میں بے چینی کی کیفیت پائی جا رہی ہے۔ واقعے میں متاثرہ خاندانوں کا زیادہ تر تعلق باجوڑ کی تحصیل سالارزئی اور ماموند سے ہے۔