مہندم عمارت کا نقشہ بیسمنٹ گراونڈ پلس 1 تھا، حکام کی مبینہ سرپرستی میں گراونڈ پلس 6 بنائی گئی

 ایکسپریس نیوز کو پلاٹ کے نقشے کی منظوری کی کاپی مل گئی، مارچ 2026 کو نقشہ منظور ہوا تھا


نعیم خانزادہ November 25, 2026

مہندم والی عمارت کا نقشہ بیسمنٹ گراونڈ پلس 1 منظور تھا، مبینہ طور پر ایس بی سی اے کی سرپرستی میں گراونڈ پلس 6 بنادیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق عبداللہ شکیل نامی شخص کے نام نقشے کی منظوری ہوئی تھی پلاٹ رہائشی ہے، ایکسپریس نیوز کو پلاٹ کے نقشے کی منظوری کی کاپی مل گئی، مارچ 2026 کو نقشہ منظور ہوا تھا۔

ذرائع نے کہا کہ 10 مارچ 2026 کو نقشہ منظور ہوا تھا،، 8 ماہ میں 6 منزلہ عمارت تعمیر کردی گئی، عمارت غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی، ایس بی سی اے کے افسران کی مبینہ سرپرستی میں عمارت تعمیر کی گئی

چھیپا حکام نے کہا کہ 7 منزلہ عمارت زیر تعمیر تھی، 20 کے قریب مزدور اندر ہونے کا بتایا جا رہا ہے جب کہ کلر کرنے والے بھی اتنے ہی بندے اندر موجود ہیں، ٹوٹل 40 سے 45 افراد بتائے جارہے ہیں جو یہاں کام کر رہے تھے۔

زخمی ہونے والوں کی شناخت 35 سالہ نادر حسین ولد علی نواز، 30 سالہ شوکت علی ولد لال خان عمر، 22 سالہ احمد ولد ظفر اقبال کے ناموں سے ہوئی جب کہ ایک نوجوان کی شناخت تاحال نہ ہوسکی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے  عمارت گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنے اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے کے ساتھ امدادی آپریشن مکمل کرنے کا حکم دیا، انہوں نے ہدایت کی کہ ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کو نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے اور قریبی اسپتالوں میں ہنگامی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے اسپتالوں کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور زخمیوں کے علاج معالجے میں کوئی کوتاہی نہ برتنے کا حکم دیا۔

 

چیئرمین آباد محمد حنیف گوہر  نے بلوچ کالونی کے قریب 6 منزلہ عمارت کے گرنے کے واقعے پر اظہارِ افسوس کیا اور کہا کہ واقعے میں ایک مزدور کے جاں بحق ہونے کی اطلاع پر افسوس ہے، ریسکیو ادارے جائے وقوع پر امدادی کارروائیاں تیز اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔

محمد حنیف گوہر  نے کہا کہ کراچی میں عمارتوں کے حادثات انتظامی نگرانی کے نظام پر سنجیدہ سوالیہ نشان ہیں، عمارتوں کی حالت، تعمیراتی معیار اور حفاظتی انتظامات کی باقاعدہ جانچ ہونی چاہیے، عمارتوں کی تعمیر اور حفاظت کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا ناگزیر ہے، انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے، واقع میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔