بی بی ایل میں دو بار پلیئر آف دی ٹورنامنٹ رہنے والے آسٹریلوی کھلاڑی راولپنڈیز میں شامل

آسٹریلوی کرکٹر نے بی بی ایل کے 95 میچز میں 141.89 کے اسٹرائیک ریٹ سے 2466 رنز بنائے ہیں


اسپورٹس ڈیسک November 25, 2026

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کے لیے راولپنڈیز نے آسٹریلوی آل راؤنڈر میتھیو شارٹ کو براہِ راست اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 9 کروڑ 15 لاکھ روپے میں سائن ہونے والے 31 سالہ میتھیو شارٹ جارحانہ بیٹنگ کے ساتھ آف اسپن بولنگ کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

وہ آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کی قیادت کرتے ہیں اور مسلسل دو سیزنز، بی بی ایل 12 اور 13 میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔

آسٹریلوی کرکٹر نے بی بی ایل کے 95 میچز میں 141.89 کے اسٹرائیک ریٹ سے 2466 رنز بنائے ہیں جن میں دو سنچریاں اور 17 نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ وہ 38 وکٹیں بھی حاصل کرچکے ہیں۔

راولپنڈیز کے ہیڈ کوچ ایڈم ووگس کے مطابق میتھیو شارٹ ٹیم کے جارحانہ کھیل کے انداز سے مطابقت رکھتے ہیں اور ابتدائی اوورز میں حریف بولرز پر دباؤ ڈالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ شارٹ کو 2025 میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی منتخب کیا تھا تاہم وہ پی ایس ایل 10 میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔

اب وہ راولپنڈیز کے ساتھ پی ایس ایل میں ڈیبیو کریں گے۔