آئی جی اسلام آباد کا ڈولفن فورس میں بھرتیوں کے حوالےسے نوجوانوں کو اہم پیغام

فزیکل ٹیسٹ سے استثنیٰ عمر کی اہلیت اور میڈیکل فٹنس سے مشروط ہوگا، آئی جی اسلام آباد


ویب ڈیسک November 25, 2026
فوٹو: فائل

انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس اسلام آباد نے ڈولفن پولیس میں جلد بھرتیوں کا سلسلہ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے نوجوانوں کے لیے اہم پیغام دے  دیا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آئی جی کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے ڈولفن فورس میں بھرتیوں کے حوالے سے نوجوانوں کو اہم پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس میں ڈالفن فورس کی بھرتیوں کا مرحلہ جلد شروع ہوگا اور بالائی عمر میں رعایت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے ڈولفن فورس کی بھرتیوں میں عمر کی بالائی حد میں قانونی ضوابط کے مطابق رعایت دی گئی ہے اور عمر کی حد اب 30 سال ہے، پچھلے 6 ماہ میں جن امیدواروں کا فزیکل ٹیسٹ کلیئر ہے انہیں دوبارہ فزیکل ٹیسٹ دینے کی ضرورت نہیں ہے۔

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ فزیکل ٹیسٹ سے استثنیٰ عمر کی اہلیت اور میڈیکل فٹنس سے مشروط ہوگا، ڈولفن فورس میں بھرتیوں کا عمل ملک بھر سے مکمل کیا جائے گا اور ملک کے تمام حصوں سے نوجوان اسلام آباد پولیس میں بھرتی کے لیے اہل ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھرتیوں کے لیے اسلام آباد پولیس کے افسران ملک بھر میں تعینات کیے جائیں گے، جو تمام عمل پورا کریں گے، ڈولفن فورس میں بھرتیوں کا عمل مکمل میرٹ اور شفافیت کے ساتھ یقینی بنایا جائے گا۔

آئی جی محمد سہیل چوہدری نے کہا کہ نوجوانوں کو اسلام آباد پولیس کا حصہ بننے اور ملک و قوم کی خدمت کا بہترین موقع فراہم کیا جا رہا ہے لہٰذا نوجوان ڈولفن فورس کی بھرتیوں میں بھرپور حصہ لیں اور پاکستان کا نام روشن کریں۔