پشاور:
پولیس نے آپریشن اسٹریٹ فائٹ کے تحت کریک ڈاؤن مزید تیز کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 2 مبینہ خطرناک ملزمان کو ہلاک جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ انقلاب، تھانہ شرقی اور تھانہ شاہ پور کی حدود میں پولیس مقابلوں کے دوران 2 ملزمان ہلاک اور ایک زخمی حالت میں گرفتار ہوا، ہلاک ملزمان کی شناخت سیف اللہ ولد حکیم اللہ سکنہ کگہ ولہ اور روح اللہ ولد عالم سکنہ تہکال کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی گرفتار ملزم ذیشان ولد فرید اللہ سکنہ پشتخرہ پایاں، حال یاسین آباد کا رہائشی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے، ہلاک اور زخمی گرفتار ملزمان متعدد سنگین وارداتوں اور مقدمات میں پولیس کو انتہائی مطلوب تھے۔
کیپٹل سٹی پولیس پشاور کے مطابق شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور پُرامن ماحول کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔