انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ولی محمد خان نے 9 مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس کی سماعت کی، عدالت نے لاپتہ ملزمان غیر فعال وزیراعلی سہیل آفریدی اور دیگر کے حوالے سے آئی جی خیبرپختونخوا پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔
وکیل ریڈیو پاکستان شبیر حسین گیگیانی عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے گزشتہ روز سہیل آفریدی اور عامر چمکنی کی جانب سے پیش ہونے والے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
انعام یوسفزئی نے درخواست کی کہ سہیل آفریدی اور عامر چمکنی کے خلاف اشتہاری کی کارروائی نہ کی جائے،کیونکہ وہ حفاظتی تحویل میں ہیں، انعام یوسفزئی نے بتایا کہ تین دیگر ملزمان کامران بنگش، تیمور سلیم جھگڑا اور عرفان سلیم ضمانت کے باوجود 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کئے گئے ہیں۔
انعام یوسفزئی نے عدالت کو بتایا کہ سہیل آفریدی اور عامر چمکنی حفاظتی تحویل میں ہے، میڈیا میں بھی یہ خبر آئی ہے۔
وکیل ریڈیو پاکستان نے کہا کہ انعام یوسفزئی کی سہیل آفریدی اور عامر چمکنی کے خلاف اشتہاری کارروائی نہ کرنے کی درخواست بے بنیاد ہے، انعام یوسفزئی سہیل آفریدی اور عامر چمکنی کا وکیل ہی نہیں کیونکہ ان کے پاس وکالت نامہ موجود نہیں، ہر وکیل اسی طرح ہر کیس میں پیش ہوگا ایسا تو ممکن نہیں، سہیل آفریدی کی لاپتہ ہونے پر پشاور ہائیکورٹ اور آئینی عدالت میں درخواستیں بھی دائر کی گئی ہے۔
وکیل ریڈیو پاکستان نے کہا کہ سہیل آفریدی کی یہ درخواستیں تاحال عدالتوں میں زیر سماعت ہے اور اس میں ابھی تک گرفتاری سے متعلق کوئی رپورٹ جمع نہیں ہوئی ، یہ کہنا کہ سہیل آفریدی حفاظتی تحویل میں ہے ٹھیک نہیں۔
وکیل ریڈیو پاکستان نے کہا کہ انعام یوسفزئی نے عدالت کو بتایا کہ پولیس اور دیگر نے میڈیا پر بتایا کہ سہیل آفریدی حفاظتی تحویل میں ہے، میڈیا اور اخباری بیانات کا کوئی آئینی حیثیت نہیں ہے، حکومت نے کوئی بیان اور ثبوت نہیں دیا ہے کہ سہیل آفریدی اور عامر چمکنی حفاظتی تحویل میں ہے، پہلے یہ دیکھا جائے کہ درخواست گزار کا اصل وکیل کون ہے، جو وکلاء عدالت میں پیش ہو رہے ہیں وہ تو ان کے وکیل ہے ہی نہیں۔
وکیل ریڈیو پاکستان پشاور نے کہا کہ انسداد دہشت گردی عدالت میں وکالت نامے جمع کر رہے ہیں جبکہ ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواستیں دائر کر رہے ہیں۔
عدالت نے کہا کہ آئی جی سے رپورٹ طلب نہ کیا جائے کہ ملزمان کہاں ہیں؟ وکیل ریڈیو پاکستان نے کہا کہ جی بلکل آئی جی سے رپورٹ طلب کی جائے کہ ملزمان کہاں ہیں، عدالت سے درخواست ہے کہ ہائیکورٹ اور آئینی عدالت کا فیصلہ آنے تک انتظار کیا جائے۔