کراچی:
وزیراعظم کے مشیر و چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی نے کہا ہے کہ نجکاری پروگرام کے تحت 17 ٹرانزیکشنز پر کام جاری ہے، جس میں 9 بجلی تقسیم کار کمپنیاں اور 3 بڑے ایئرپورٹس بھی شامل ہیں۔
کراچی میں سی ایف اے انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کی مشیر نے کہا کہ فیسکو، گیپکو اور آئیسکو کی نجکاری کے لیے بولی 2027 کی پہلی سہ ماہی میں متوقع ہے جبکہ اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے آر ایف پی آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی میں جاری کرنے کا ہدف ہے۔
انہوں نے کہا کہ نجی سرمایہ کاری کا فروغ پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے، حکومت کا کردار کاروبار کرنا نہیں ہے بلکہ نجی شعبے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے، پی آئی اے اور فرسٹ ویمن بینک کی کامیاب نجکاری پیچیدہ ٹرانزیکشنز کی تکمیل میں اہم پیشرفت ہے، حیدرآباد سکھر موٹروے کے دونوں حصوں میں تقریباً 700ملین ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے، 25 سالہ کنسیشن کے تحت نجی شعبے کو موقع فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے کے لیے شفاف طریقہ کار، مستحکم قوانین اور معاہدوں کی پاسداری ضروری ہے، توانائی اور ٹیکس نظام میں اصلاحات کے بغیر پاکستانی کاروبار عالمی منڈیوں میں مقابلہ نہیں کر سکتے۔
وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ نجی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومت کے درست کردار کا تعین کرنا، سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانا اور کاروباری مسابقت بہتر بنانا ضروری ہے۔