حکومت کے ساتھ معاہدے پر اتفاق ہوگیا، 29 نومبر کو اگلا لائحہ عمل دوں گا، حافظ نعیم الرحمان

لیوی پر بجٹ تک ورکنگ مکمل کرلی جائے گی اور اگلا بجٹ لیوی پر انحصار کرکے نہیں بنایا جائے گا، امیر جماعت اسلامی


نعیم اصغر November 26, 2026
فوٹو: جماعت اسلامی

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ معاہدے پر اتفاق ہوگیا ہے تاہم چند مطالبات پر تاحال قائم ہیں جبکہ 29 نومبر کو مینار پاکستان میں اگلا لائحہ عمل دیا جائے گا۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج وزیر اعظم سے ملاقات ہوئی، ہماری کمیٹی نے بہترین کام کیا، جس ریلیف کا پیکیج حکومت نے اعلان کیا اس میں دو کروڑ لوگ شامل ہوچکے ہیں اور لوگوں کو اچھے طریقے سے ریلیف مل رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ1000 سی سی تک کی گاڑی کے لیے ریلیف بڑھانے پر اتفاق ہوگیا ہے،کسان اور کاشت کار کے لیے ساڑھے بارہ ایکڑ کے کاشت کار کے لیے ٹریکٹرز کا بھی ریلیف ملے گا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ لیوی کم کرنے پر تفصیلی بات ہوئی، لیوی پر ونڈ فال کا اثر 80روپے سے 63روپے تک آگیا ہے، لیوی پر بجٹ تک ورکنگ مکمل کرلی جائے گی اور اگلا بجٹ لیوی پر انحصار کرکے نہیں بنایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے تسلیم کرلیا ہے کہ 1600 سی سی سے زائد گاڑیاں سرکار استعمال نہیں کرے گی، آئی پی پیز سے متعلق معاہدے میں لکھوایا ہے، آئی پی پیز معاہدوں کی نظرثانی کی وجہ سے 25 فیصد بلز کم ہوئے اور دو سال میں بجلی کے بلوں میں 30 فیصد کمی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے معاہدے پر اتفاق تو کیا ہے مگر بہت سی چیزوں کے مطالبے پر بھی قائم ہیں، عمل درآمد کمیٹی اس معاہدے پر نظر رکھے گی، گھر نہیں بیٹھیں گے ایک ریلیف لیں گے تو دوسرے ریلیف کے لیے سڑکوں پر ہوں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت اپنے خرچے کم کرے گی، سود کے خاتمے کی طرف قدم بڑھائے جائیں گے، بینکوں کے سود کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے۔

ملک میں مہنگائی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ گندم پورے ملک میں مہنگی سے مہنگی ہوتی جا رہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کے چار مطالبات مان لینے کا مطلب یہ نہیں سب کچھ مان لیا گیا، مینار پاکستان میں اگلے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں 29 نومبر کو تاریخی جلسہ ہوگا، ہم چاہتے ہیں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کا خاتمہ ہو۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ میڈیا مالکان بھی میڈیا ورکرز کو ان کے حقوق دیں، بلوچستان کے حالات سب کے سامنے ہیں۔

قبل ازیں حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان کے وفد کے درمیان ملاقات ہوئی، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی سربراہی میں نائب امیر لیاقت بلوچ، سید فراست علی شاہ، عنایت اللہ خان اور دیگر شامل تھے۔

حکومتی وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، احسن اقبال،علی پرویز ملک، مشیر وزیراعظم رانا ثنا اللہ اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی شامل تھے۔