مکہ دفاعی معاہدہ اجلاس؛ اسلام آباد میں سعودی عرب اور حوثیوں کے تنازع پر مشاورت ہوگی، خواجہ آصف

مکہ دفاعی معاہدے کے تحت یہ بات واضح ہے کہ سعودی عرب کے لیے خطرہ پاکستان اور ترکیہ کے لیے خطرہ ہے، وزیردفاع


ویب ڈیسک November 26, 2026
فوٹو: فائل

وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مکہ دفاعی معاہدے کے ارکان کے اسلام آباد میں ہونے والے اہم اجلاس میں سعودی عرب اور یمن کے حوثیوں کے درمیان جاری تنازع پر تبادلہ خیال کریں گے۔

غیرملکی خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق وزیردفاع خواجہ آصف نے یمن کے حوثیوں کے خلاف سعودی عرب کی حکمت عملی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کے لیے کوئی بھی خطرہ پاکستان اور ترکیہ کے لیے خطرہ ہے اور یہ بات بالکل واضح ہے۔

امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے دوران پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدہ تاحال ابتدائی مرحلے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر ہمیں مسلسل مشاورت کی ضرورت ہے تاکہ اقدامات جلد طے پائیں اور اگلے چند ماہ میں ہم تمام انتظامات مکمل ہوں جس کے بعد ہم آگے بڑھ سکیں۔

خواجہ آصف نے انٹرویو کے دوران ایک سوال پربات کرنے سے گریز کیا کہ ایران کی جانب سے سعودی عرب پر براہ راست حملے کی صورت میں مکہ دفاعی معاہدے کے تحت کیا ردعمل ہوگا تاہم انہوں نے اسرائیل کو خطے کے دیگر ممالک کے لیے ممکنہ خطرہ قرار دے دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے مزید تنازع یا جارحیت کا امکان موجود ہے، جس کے لیے اس خطے کے ممالک کو متحدہ ہو کر اپنی صفیں مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان انتہائی تعمیری کردار ادا کیا لیکن جاری مصالحت کا نتیجہ تاحال مبہم ہے اور لوگوں کی توقعات کے مطابق امن کا مقصد حاصل نہیں ہوپایا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کیا تھا، جس کے نتیجے میں رواں برس جون میں دونوں ممالک نے معاہدے پر دستخط کیے تھے اور اس کے بعد مختصر عرصے کے لیے دونوں فریقین نے جنگ روک لی تھی جبکہ اس معاہدے کے تحت حتمی جنگ بندی کے لیے اقدامات بھی تجویز کیے گئے تھے۔

دونوں ممالک کے درمیان معاہدے میں آبنائے ہرمز کی بحالی اور ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات کی بات کی گئی تھی۔