فرانس میں 2027 کے سوشل سیکیورٹی بجٹ پر پارلیمانی اتفاق نہ ہوسکا

بجٹ بل پر قومی اسمبلی میں دوبارہ بحث 7 دسمبر سے شروع ہوگی


ویب ڈیسک November 27, 2026

پیرس:

فرانس میں 2027 کے سوشل سیکیورٹی بجٹ پر قانون سازوں کے درمیان اتفاق نہ ہونے کے باعث بل دوبارہ قومی اسمبلی میں غور کے لیے بھیج دیا گیا، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے 14 رکنی مشترکہ کمیٹی مذاکرات میں سمجھوتہ کرنے میں ناکام رہی۔

فرانسیسی نشریاتی ادارے کے مطابق وزیراعظم سباسٹین لیکورنو نے اتفاق رائے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے، بجٹ بل پر قومی اسمبلی میں دوبارہ بحث 7 دسمبر سے شروع ہوگی، جس کے بعد اسے سینیٹ میں بھی پیش کیا جائے گا۔

دونوں ایوانوں کے درمیان اختلافات کی بڑی وجہ 2023 کی پنشن اصلاحات کی معطلی ہے، سینیٹ 2027 سے اصلاحات دوبارہ نافذ کرنے کی خواہاں ہے جبکہ قومی اسمبلی کے متعدد ارکان اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔

فرانسیسی حکومت کا ہدف سوشل سیکیورٹی خسارہ 2026 میں متوقع 21.8 ارب یورو سے کم کرکے 2027 میں 12.7 ارب یورو تک لانا ہے، جس کے لیے صحت کے اخراجات میں بچت اور پنشن ادائیگیوں میں تبدیلیوں سمیت مختلف اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔