بھارت میں معروف منرل واٹر برانڈ کا پانی غیر معیاری قرار، مضر صحت کیمیکلز کی موجودگی کا انکشاف

حکومتی ٹیسٹ میں برومیٹ کی مقدار مقررہ حد سے زیادہ پائی گئی


ویب ڈیسک November 27, 2026

بھارت میں معروف منرل واٹر برانڈ بسلیری کا پانی حکومتی سیفٹی ٹیسٹ میں غیر معیاری قرار دے دیا گیا۔

پانی کے نمونوں میں مضر صحت کیمیکلز کی موجودگی سامنے آنے کے بعد صارفین کی صحت سے متعلق خدشات بڑھ گئے۔

عالمی جریدے سی این اے کے مطابق بھارتی ریاست گوا میں بسلیری کے پلانٹ سے حاصل کیے گئے پانی کے نمونے میں برومیٹ کی مقدار مقررہ حد سے تجاوز کر گئی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق بھارتی فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی کے دوسرے ٹیسٹ میں بھی بسلیری کے پانی میں ایک اور ممکنہ مضر صحت کیمیکل کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔

رپورٹ کے مطابق پانی میں برومیٹ کی مقدار 12 مائیکروگرام فی لیٹر پائی گئی جبکہ اس کی مقررہ حد 10 مائیکروگرام فی لیٹر ہے۔ ماہرین نے برومیٹ کو سرطان کے ممکنہ خطرے سے منسلک قرار دیا ہے۔

حکومتی سیفٹی ٹیسٹ کے نتائج کے بعد بھارت کی تقریباً 3.6 ارب ڈالر مالیت کی منرل واٹر مارکیٹ میں صارفین کی صحت اور پانی کے معیار سے متعلق خدشات بڑھ گئے ہیں۔