مارول اسٹوڈیوز کی آنے والی فلم ’ایونجرز: ڈومز ڈے‘کے ٹیزرز اور پروموشنل ویڈیوز نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا رکھی ہے۔
رپورٹس کے مطابق فلم کے فائنل ٹریلر کو مختلف پلیٹ فارمز پر 500 ملین سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے تاہم اب مداحوں کے درمیان ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہے کہ ٹریلرز میں نظر آنے والا ڈاکٹر ڈوم دراصل رابرٹ ڈاؤنی جونیئر نہیں بلکہ معروف اداکار ’سیلین مرفی‘ ہو سکتے ہیں۔
مداحوں نے کردار کی آنکھوں اور اس کے اندازِ نگاہ کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے دونوں اداکاروں کی آنکھوں میں حیران کن مماثلت کی نشاندہی کی ہے۔
واضح رہے کہ مارول نے ڈاکٹر ڈوم کے کردار کے لیے رابرٹ ڈاؤنی جونیئر کی کاسٹنگ کا اعلان کیا تھا۔
تاہم اس نئی فین تھیوری نے شائقین کو سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ آیا اسٹوڈیو کوئی بڑا راز چھپا رہا ہے یا یہ محض مداحوں کا ایک قیاس ہے۔
فی الحال مارول کی جانب سے اس دعوے کی کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی اس لیے اسے ایک غیر مصدقہ فین تھیوری ہی سمجھا جا رہا ہے۔