بنکاک میں آئل تنصیب میں خوفناک دھماکا، 9 افراد زخمی

دھماکا اتنا شدید تھا کہ کئی کلومیٹر دور عمارتوں کے دروازے بھی لرز اٹھے


ویب ڈیسک November 27, 2026

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں تیل کی ایک بڑی تنصیب میں خوفناک دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دھماکا جمعرات کو مشرقی بنکاک کے علاقے فرا خانونگ میں واقع تیل کی تنصیب میں ہوا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ کئی کلومیٹر دور عمارتوں کے دروازے بھی لرز اٹھے، جبکہ جائے وقوع سے آگ کے بلند شعلے اور سیاہ دھوئیں کے گھنے بادل آسمان کی طرف بلند ہوتے دکھائی دیے۔

تھائی لینڈ کے وزیر توانائی آکاناٹ پرومفان نے جائے وقوع کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ اس لیے تشویش ناک تھا کہ تنصیب کے وسیع علاقے کے اردگرد رہائشی آبادیاں بھی موجود ہیں۔ ان کے مطابق ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ آگ ڈسٹلیشن ٹاور میں لگی، جو تیل کے ذخیرے سے کم از کم 100 میٹر دور واقع تھا، جس کے باعث نقصان محدود رہا۔

تنصیب چلانے والی کمپنی بنچاک کارپوریشن نے بتایا کہ دھماکے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر تقریباً 30 منٹ میں قابو پالیا گیا۔ کمپنی کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ریفائنری کے اطراف فضائی معیار کی نگرانی میں آلودگی کی سطح معمول کے مطابق پائی گئی ہے۔

وزیر توانائی کے مطابق حکام نے تنصیب کے ایک کلومیٹر کے دائرے میں کاربن مونو آکسائیڈ، سلفر ڈائی آکسائیڈ اور دیگر آلودہ مادوں کی جانچ کی، تاہم کسی غیر معمولی سطح کی نشاندہی نہیں ہوئی۔ اس کے باوجود وزارت توانائی نے پلانٹ کی پیداوار عارضی طور پر معطل کردی ہے، جسے حفاظتی اطمینان کے بعد بحال کیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق احتیاطی تدبیر کے طور پر قریبی اسکولوں کے طلبہ کو باہر نکال لیا گیا، جبکہ رہائشیوں کو بھی علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کی گئی۔

بنکاک کی شہری انتظامیہ کے زیرانتظام ایراوان ایمرجنسی میڈیکل سینٹر نے تصدیق کی کہ واقعے میں 9 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے۔