جعلی کرپٹو ایپ اور کال سینٹر کے ذریعے فراڈ، بین الاقوامی سائبر نیٹ ورک بے نقاب، 13 ملزمان گرفتار

ملزمان پہلے بھاری منافع کا لالچ دیکر معمولی سرمایہ کاری اور منافع کی ادائیگی کرکے متاثرین کا اعتماد حاصل کرتے تھے


صالح مغل November 27, 2026

راولپنڈی:

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) راولپنڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی کرپٹو کرنسی ایپ اور کال سینٹر کے ذریعے ملکی و غیر ملکی شہریوں کو سرمایہ کاری کے نام پر مبینہ طور فراڈ و دھوکے کے ذریعے چونا لگانے والے بین الاقوامی سائبر فراڈ نیٹ ورک کو بے نقاب کرکے 13 ملزمان کو گرفتار کر لیا جن میں چار خواتین بھی شامل ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی کی ہدایات پر سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر راولپنڈی کی ٹیم نے سرکل انچارج رانا محسن اور سب انسپکٹر فہیم شہزاد کی سربراہی میں پنڈورہ چنگی کے علاقے میں مسعود آرکیڈ کی تیسری منزل پر قائم ’’لیڈ ایمپائر‘‘ نامی کال سینٹر پر چھاپہ مارا اور کارروائی کے دوران 13 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر جعلی کرپٹو کرنسی ایپ اور آن لائن سرمایہ کاری کے ذریعے غیر ملکی شہریوں کو بھی نشانہ بناتے تھے۔

ملزمان پہلے متاثرین کو بھاری منافع کا لالچ دے کر معمولی سرمایہ کاری کرواتے اور ابتدائی طور پر منافع کی ادائیگی کرکے ان کا اعتماد حاصل کرتے تھے۔ بعد ازاں بڑی رقوم سرمایہ کاری کے نام پر وصول کرنے کے بعد متاثرین سے رابطہ منقطع کر دیا جاتا تھا۔

تحقیقات کے دوران جعلی سوشل میڈیا پروفائلز، مشتبہ ویب سائٹس اور جعلی ادائیگیوں کی رسیدیں بھی سامنے آئی ہیں، جبکہ Cryptonext.in اور Resellerstore.com نامی دو مشتبہ ویب سائٹس کا سراغ لگایا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مبینہ فراڈ سے حاصل ہونے والی رقوم کرپٹو کرنسی کے ذریعے دبئی منتقل کی جاتی تھیں، جہاں انہیں پی ٹو پی (P2P) ٹرانزیکشنز کے ذریعے فروخت کیا جاتا تھا۔ اس کے علاوہ فراڈ کی رقوم پاکستانی مرچنٹ اکاؤنٹس میں منتقل کیے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز، لیپ ٹاپس اور ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

برآمد شدہ ڈیجیٹل آلات کا فرانزک تجزیہ جاری ہے، جبکہ ڈیلیٹ شدہ ڈیٹا، واٹس ایپ چیٹس، جعلی ای میل اکاؤنٹس، آئی پی ایڈریسز، کال ریکارڈز اور ڈیجیٹل والٹس کی بھی چھان بین کی جا رہی ہے جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

تفتیش کے دوران نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ کارندوں، مالیاتی روابط اور بین الاقوامی سطح پر پھیلے مبینہ فراڈ کے طریقہ کار سے متعلق مزید انکشافات متوقع ہیں۔