دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ لیبیا کے ساحل پر پاکستانی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کی اطلاعات ہیں تاہم ابھی تک تصدیق نہیں ہوئی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ لیبیا کے ساحل پر پاکستانی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کی اطلاعات کی تاحال آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی، اطلاعات درست نہ ہونے کی امید اور دعا کرتے ہیں، طرابلس میں پاکستانی سفارت خانہ واقعے کی تفصیلات معلوم کرنے کے لیے سرگرم ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی سفارت خانے نے متعلقہ لیبیائی حکام، انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) اور دیگر متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ واقعے میں پاکستانی شہریوں کی موجودگی کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں، مصدقہ تفصیلات سامنے آتے ہی مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔