منشیات اسمگلروں سے مبینہ ڈیل،ایس ایچ او سمیت 6 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا

راولپنڈی پولیس کے افسران و اہلکاروں پر منشیات فروشوں کو اغواء کرکے تاوان وصول کرنے کا الزام گزشتہ روز سامنے آیا


صالح مغل November 28, 2026

منشیات اسمگلروں سے مبینہ ڈیل کرکے تاوان لینے کے بعد چھوڑنے کے  معاملے میں ایس ایچ او راجہ سجاد اور سب انسپکٹر نبیل احمد سمیت چار دیگر اہلکاروں معین احمد،  تیمور شہزاد  آصف جاوید ، اور فیصل  کے خلاف مبینہ طور پر 40 لاکھ روپے تاوان لینے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

راولپنڈی پولیس کے افسران و اہلکاروں پر منشیات فروشوں کو اغواء کرکے تاوان وصول کرنے کا الزام گزشتہ روز سامنے آیا، سی پی او راولپنڈی سردار غیاث گل نے فوری انکوائری کروائی الزمات ثابت ہونے پر ایس ایچ او اور سب انسپکٹر کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرنے کی احکامات دئیے تھے۔

تھانہ صدر واہ کے ایس آئی نبیل احمد سمیت ایس ایچ او سجاد احمد اور چار پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، پولیس اہلکاروں پر دو مبینہ منشیات فروشوں اور ان کے دو نامعلوم ساتھیوں کو غیرقانونی حراست میں رکھنے کا الزام لگایا، انکوائری رپورٹ کے مطابق پولیس اہلکاروں نے مبینہ طور پر چاروں افراد کو ایک نجی ڈیرے پر تین روز تک رکھا۔

مبینہ طور پر زیر حراست افراد کی رہائی کے لیے 40 لاکھ روپے تاوان طلب کیا گیا، انکوائری رپورٹ میں 20 لاکھ روپے نقد اور 20 لاکھ روپے آن لائن وصول کرنے کا الزام عائد کیا، مبینہ طور پر آن لائن ٹرانزیکشن کے ذریعے 20 لاکھ روپے ایک نجی کمپنی کے یو بی ایل اکاؤنٹ میں منتقل کیے گئے۔

انکوائری میں پانچ لاکھ اور 15 لاکھ روپے کی دو الگ الگ آن لائن ٹرانزیکشنز کی نشاندہی کی گئی، پولیس اہلکاروں کے خلاف سورس رپورٹ میں آڈیو پیغامات، ویڈیوز اور بینک ٹرانزیکشنز کے اسکرین شاٹس بھی شامل ہیں۔

انکوائری کے دوران ایس آئی نبیل احمد نے مبینہ طور پر منشیات فروشوں کو حراست میں رکھنے اور 20 لاکھ روپے وصول کرنے کا اعتراف کیا، انکوائری رپورٹ کے مطابق نبیل احمد نے وصول شدہ رقم میں سے 10 لاکھ روپے ایس ایچ او کو دینے کا بیان دیا۔

ویڈیو شواہد میں ایس آئی نبیل احمد کو دیگر پولیس اہلکاروں کے ہمراہ مبینہ طور پر ملزم کو گھر سے اٹھاتے دیکھا گیا، انکوائری میں ایس آئی نبیل احمد، ایس ایچ او سجاد احمد اور چار کانسٹیبلان کے خلاف سخت محکمانہ و قانونی کارروائی کی سفارش کی گی۔ 

واقعے میں ملوث پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف تھانہ سول لائنز راولپنڈی میں پولیس مدعیت میں  مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمے کی تفتیش انسپکٹر انویسٹی گیشن محمد شکیل کے سپرد کردی گئی، پولیس اہلکاروں پر اختیارات سے تجاوز، مبینہ اغواء، غیرقانونی حراست اور تاوان وصول کرنے کے الزامات عائد کیے گئے۔