اپنی نااہلی کا بوجھ عدالتوں پر نہ ڈالیں؛ ہائیکورٹ سندھ حکومت پر برہم

سرکاری اداروں کو اپنے معاملات کا جائزہ لینا چاہیے، دیکھنا چاہیے کہ نااہل افسران کو اہم عہدوں پر کیوں تعینات کیا گیا ہے، عدالت


ویب ڈیسک November 28, 2026

کراچی:

سندھ ہائی کورٹ نے ایک کیس کی سماعت کے دوران صوبائی حکومت پر برہمی کا   اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے ہیں کہ اپنی نااہلی کا بوجھ عدالتوں پر نہ ڈالیں۔

سندھ ہائیکورٹ نے سڑکوں کی تعمیر کے ٹھیکوں میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران صوبائی حکومت اور کے ایم سی پر اظہار برہمی کیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ حکومتی معاملات میں کیا کچھ ہورہا ہے، اس سے سب واقف ہیں، لیکن اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے بجائے عدالتوں کو مورد الزام ٹھہرایا جاتا ہے۔

سماعت کے دوران کے ایم سی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم امتناع کے باعث تمام کام رکا ہوا ہے، جس کی وجہ سے مختلف مسائل جنم لے رہے ہیں۔ اس پر جسٹس سلیم جیسر نے صوبائی حکومت اور کے ایم سی کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا۔

جسٹس سلیم جیسر نے ریمارکس دیے کہ شفافیت یقینی بنانے کے لیے خود کوئی اقدامات نہیں کیے جاتے اور بعد میں عدالتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ادارے اپنی نااہلی کی ذمہ داری عدالتوں پر ڈال دیتے ہیں، حالانکہ انہیں پہلے اپنے معاملات کا جائزہ لینا چاہیے اور یہ دیکھنا چاہیے کہ نااہل افسران کو اہم عہدوں پر کیوں تعینات کیا گیا ہے۔

عدالت نے مزید کہا کہ کام کی بندش کے ذمہ دار متعلقہ ادارے خود ہیں، جو اپنا اور عدالتوں کا وقت ضائع کرتے ہیں۔

سندھ ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت تک ٹینڈرز اور بولیوں کے عمل پر عائد حکم امتناع برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا، جبکہ درخواست گزار کو جواب الجواب جمع کرانے کی ہدایت بھی کی۔ عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کردی۔